وفاقی محتسب نے تاجر برادری کی شکایات کی ازالہ کیلئے پانچ شکایات کمشنر مقرر کر دیے

شکایات کمشنر اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ایف پی سی سی آئی کے دفاتر میں تاجر برادری کی شکایات سنیں گے

بدھ 14 دسمبر 2016 16:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کی ہدایت پر شکایات کمشنر اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے دفاتر میں تاجر برادری کی شکایات سنا کریں گے وفاقی محتسب نے تاجر برادری کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے پانچ شکایات کمشنر مقرر کر دیے ہیں۔

ایم او یو کے مطابق محتسب کے اداروں‘ ایف پی سی سی آئی اور چیمبر آف کامرس کے مابین تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور تاجر برادری اپنی شکایات براہ راست بھجوانے کے ساتھ ساتھ ایف پی سی سی آئی اور چیمبر آف کامرس کے ذریعے بھی بھجوا سکے گی،وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ بر آمدات میں اضافہ کرنے پر بھر پور توجہ دے تاکہ پاکستان میں زر مبادلہ آئے اور پاکستان کی معیشت مستحکم ہو جس سے عام آدمی کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجر برادری کی صلاحیتوں اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدو جہد سے ہر منزل حاصل کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل حل کرنے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے میں نے محتسب کا منصب سنبھالنے کے فوری بعد پارلیمنٹ سے ایک نیا قانون منظوری کرایا جس کے تحت ہر شکایت کا فیصلہ ساٹھ دن میں ہونے لگا اور اب یہ مدت اور کم ہو گئی ہے اور ہر شکایت کا فیصلہ 45دن میں ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :