سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئی ماہ سے جاری ظلم و بربریت کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی

بدھ 14 دسمبر 2016 16:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئی ماہ سے جاری ظلم و بربریت کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ۔ یہ قرار داد بدھ کو سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے مسلسل کئی ماہ سے جاری بد ترین تشدد ، معصوم شہریوں کی شہادتوں، بلاجواز گرفتاریوں ، نوجوان بچوں اور بچیوں پر فائرنگ بالخصوص پیلٹ(چھرا) گن کے استعمال اور زخمیوں کے علاج سے ظالمانہ اجتناب پر انتہائی تشویش، برہمی اور شدید مذمت کا اظہار کیا گیا ۔

قرار داد میں کہاگیا کہ یہ ایک ایسی صورتحال بن چکی ہے کہ جس کے تصور سے ہی روح کانپ اٹھتی ہے ۔ سینکڑوں کی تعداد میں زخمیوں کا نہ صرف یہ کہ علاج نہیں ہوا بلکہ کسی اور ملک یا بیرون ممالک انسانی حقوق کی تنظیموں کو ان زخمیوں اور مریضوں سے رابطہ کرنے کی بھی اجازت نہیں ہے ۔ یہ ایک ایسا ظالمانہ رویہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی ۔ اور یہ بلاشبہ انسانی حقوق کی شدید ترین اور بد ترین خلاف ورزی ہے ۔قرار داد کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی اس طرف توجہ مبذول کرانے کی اشد ضرورت ہے ۔