پاکستان علماء کونسل کا حلب کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرسوں ’’یوم یکجہتی مظلومین شام ‘‘ منانے کا اعلان

حلب میں بے گناہ انسانیت کے قتل عام کو رکوانے کیلئے حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے‘ مرکزی چیئرمین طاہر محمود اشرفی

بدھ 14 دسمبر 2016 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) حلب میں بے گناہ انسانیت کے قتل عام کو رکوانے کیلئے حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے، علماء و مشائخ اور مسلم عوام خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں ،حلب کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ( جمعہ ) 16 دسمبر2016ء کو ’’یوم یکجہتی مظلومین شام ‘‘ ملک بھر میں منایاجائے گا۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مرکز ی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبد الکریم ندیم نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حلب میں ہونے والے قتل عام پر اقوام متحدہ اور مسلم قائدین نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

اسلامی ممالک کو فرقہ وارانہ تشدد کی آگ میں ڈالا جا رہا ہے ۔ مسلم قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ساری صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر ، ترکی اور پاکستان حلب کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کیلئے فوری طور پر اپنا کردار ادا کریںاور فرقہ وارانہ بنیادوں پر قائم دہشت گرد تنظیموں اور بشار الاسد کی فورسز سے مسلمانوں کو بچانے کیلئے واضح لائحہ عمل اپنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ شام کی عوام کو اپنی مرضی کی حکومت کے قیام کا حق ملنا چاہئے ۔ روس اور ایران کا شام کے مسئلہ پر کردار افسوسناک ہے اور اقوام متحدہ نے حلب اور شام کی صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش کو عالم کفر اور اس کے حواریوں نے مسلم امة کی تباہی کیلئے قائم کیا ہے ۔ حلب کی عوام کا قتل عام داعش کا نام لے کر کیا جا رہا ہے جبکہ حلب میں داعش کا وجود ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر شام ، عراق ، فلسطین کے مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو دنیا بھر میں انتہاء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کو تقویت ملے گی۔اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا اسید الرحمن،مولانا عاصم مخدوم،مولانا مشتاق لاہوری،مولانا اسلم قادری،مولانا عبد القیوم ،قاری محمد ناصر،قاری عبد الحکیم اطہر،مولانا اسلام الدین ،قاری محمد یونس،مولانا زبیر زاہد،مولانا حسین احمد آزاد ودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :