ماہی گیروں کی فلاح وبہبود کے لئے فشنگ کے لائسنس کا نظام مزید بہتر بنایا جائے گا، محمد علی ملکانی

بدھ 14 دسمبر 2016 16:16

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر لائیو سٹاک وفشریز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ ماہی گیروں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس بنیادوں پر مثبت اقدامات کررہی ہے، ٹھیکیداری نظام کے خاتمے کے قانون پر مکمل عمل درآمد کے لئے لائسنس کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پاکستان فش فورک کے 15 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت چیئرمین محمد علی شاہ کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری لائیو اسٹاک غلام حسین میمن، ڈائریکٹر جنرل فشریز غلام محمد مہر، ڈائریکٹر فشریز ظہور عباس اور پاکستان فشر فوک فورم کے نمائندوں بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پاکستان فشر فوک فورم کے نمائندوں نے سندھ میں جھیلوں پر بااثر افراد کی طرف سے قبضہ، پانی کی کمی، نکاسی اب، لائسنس نظام پر عمل درآمد، جھیلوں اور دیگر میٹھے پانی کے ذخائر کا مناسب سروے، ماہی گیروں کی بہتر زندگی و سہولیات، تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط و مشترکہ حل کے لئے اقدامات پر عمل درآمد سمیت دیگر مسائل و معاملات پر تفصیلی آگاہی دی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے تمام مسائل سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ نے پہلے ہی ماہی گیروں کی مشکلات کا اندازہ کرتے ہوئے سندھ اسمبلی سے ٹھیکداری نظام کے خاتمے کا بل منظور کرایا ہے اور ماہی گیروں کو بنیادی سہولیات اور ان کی طرز زندگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے کئی منصوبوں پر مثبت طریقے سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی ماہی گیروں کے مسائل اور ان کی بہتری کے خواہش مند ہیں اور انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر ان کی فلا وبہبود کے لئے واضح ہدایات دیں ہیں۔

محمد علی ملکانی نے حکومتی ترجیحات اور ماہی گیروں کی فلاح وبہبود کے لئے تعمیری پروگراموں کے بارے میں آگاہی دی کہ محکمہ فشریز جھیلوں کی سروے کے لئے سیٹلائٹ اور جیولوجیکل سروے کے منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرے گی اور تمام متعلقہ محکموں آبپاشی وبجلی، ریونیو، جنگلات، زراعت اور دیگر سے رابطہ کرکے ماہی گیروں کی بہتر زندگی اور سہولیات پہنچانے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔

صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک غلام حسین میمن نے کہا کہ تمام تعمیراتی اور فلاحی منصوبوں کے لئے جامع اقدامات کئے جائیں تاکہ مقامی ماہی گیروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچائی جا سکیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل فشریز ودیگر افسران کو ہدایت کی کہ وہ جھیلوں اور میٹھے پانی کے ذخائر اور دیگر فشنگ کے ذرائع کا جائزہ اور ماہی گیروں کی فلاح وبہبود کے لئے مناسب اقدامات کریں۔