مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق کی ہدایت پر قائد ملت چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالے سے پارٹی عہدیداران اور دیگر مرکزی جماعتی شخصیات کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی

بدھ 14 دسمبر 2016 16:14

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء)آل جموںو کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر قائد ملت چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالے سے سابق جماعتی صدور جنرل سیکرٹری صاحبان اور دیگرمرکزی جماعتی شخصیات کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔ مسلم کانفرنس کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری ہونے والے پروگرام کے مطابق17 دسمبر کو صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان ، سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء ، چیئرمین انتظامیہ کمیٹی سردار بابر محمود منگوال اور دیگر اراکین کی قیادت میںراولپنڈی اسلام آباد میں مدفون قا ئد ملت کے مزار کے لیے زمین کا عطیہ دینے والے انجمن فیض السلام کے بانی میاں حیات بخش، مسلم کانفرنس کے سیکرٹری جنرل سید بشیر اندرابی،خواجہ غلام دین وانی، خواجہ ثناء اللہ شمیم، خواجہ عبدالصمد وانی، خواجہ محمد امین مختار، غلام رسول بیگ اور اے آر ساغر کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ مظفر آباد ڈویژن کے صدر دیوان علی چغتائی، ضلعی صدر مرتضی گیلانی،سٹی صدر شیخ محمد مقصود اور دیگر جماعتی رہنمائوں کی قیادت میں راجہ حیدر خان ، میر واعظ سید یوسف شاہ ، کے ایچ خورشید اور خواجہ محمد علی کنول کی قبروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اور ایصال ثواب کے لیے دعا مغفرت کی جائے گی۔ مسلم کانفرنس پونچھ ڈویژن کے صدر میجر (ر) نصراللہ کی قیادت میں مسلم کانفرنس باغ اور دھیر کوٹ کی تنظیمیں غازی آباد میںمجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے مزار پر حاضری دیں گی اور پھولوں کی چادریں چڑھا کر مجاہد اول کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

مسلم کانفرنس کے نکیال کے رہنماء سردار خضر حیات، ملک کرامت حسین اورسردار اجمل نکیالوی کی قیادت میںسردار فتح محمد خان کی قبر پر حاضری دینگے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ اسی طرح مسلم کانفرنس ضلع راولاکوٹ کے صدر سردار اظہر نذر اور سٹی راولاکوٹ کے صدر سردار نیاز تبسم کی قیادت میں جماعتی کارکن کورٹ متے خان جا کر غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کے مزار پر حاضری دینگے۔

پھول چڑھائیں گے اور مرحوم رہنماء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح مسلم کانفرنس میرپور کے صدر چوہدری جاوید ظفر اور سٹی صدر اسلم بٹ کی قیادت میں جماعتی کارکن غازی الہی بخش اور جسٹس یار محمد خان کی قبروں پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔ اسی طرح برطانیہ میں مدفون مسلم کانفرنسی رہنماء محمد یعقوب چشتی کی قبر پر برطانیہ کے صدر چوہدری بشررٹوی اور دیگر مقامی رہنماء مرحوم رہنماء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قبر پر حاضری دینگے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔