سندھ ہائی کورٹ، شرمیلا فاروقی کو نیب کی جانب سے نا اہل قرار دئے جانے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت

نیب اور الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے سے متعلق حکم امتناع برقرار ، سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی گئی

بدھ 14 دسمبر 2016 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو نیب کی جانب سے نا اہل قرار دئے جانے سے متعلق دائر درخواست پر نیب اور الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے سے متعلق حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو پر مشتمل دو رکنی بینچ کی عدالت میں رکن سندھ اسمبلی شرمیلہ فاروقی کو نا اہل قرار دئے جانے سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ شرمیلا فاروقی نے پلی بارکینگ کی تھی۔ جس کے بعد شرمیلا فاروقی سزائے یافتہ ہیں اور لہذا وہ سرکاری عہدے کے لیے نا اہل ہیں۔ نیب قانون کے مطابق کارروائی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت سے استدعا ہے کہ نیب کے خلاف دائر درخواست مسترد کی جائے۔ عدالت مین شرمیلا فاروقی کے وکیل کا کہنا تھا کہ پلی بارگینگ کے بعد نا اہلی کی سزا قائم رہنے کا قانون سن 2000 ء کے بعد بنا ہے جبکہ شرمیلا فاروقی کو سزا اس سے پہلے ہوئی ہے۔

شرمیلا فاروقی کی سزا سن2001 ء میں پلی بارگینگ کے تحت ختم ہو گئی تھی۔ عدالت نے وکیل صفائی کا موقف سنتے ہوئے شرمیلا فاروقی کے خلاف نیب اور الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے سے متعلق حکم امتناع برقرار رکھتے ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل حسیب جمالی کو آئندہ سماعت پر بھی دلائل جاری رکھنے کا حکم دیا اور درخواست کی سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔