کینگروز کھلاڑی ٹیسٹ سیریز میں جارحانہ اور تیز ترین بائولنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں، ورلڈکپ کی کارکردگی دوہرانے کیلئے پر جوش ہوں، وہاب ریاض

بدھ 14 دسمبر 2016 16:09

برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) پاکستانی ٹیم کے لیفٹ آرم فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے آسٹریلوی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز میں ان کی جارحانہ اور تیز ترین بائولنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں، کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ورلڈکپ کی کارکردگی کو دوہراتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ (کل) جمعرات سے برسبین میں شروع ہو گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس منعقدہ ون ڈے ورلڈکپ میں وہاب ریاض نے کینگروز کے خلاف تیز ترین بائولنگ سپیل کر کے بے پناہ شہرت حاصل کی تھی۔ اپنے ایک بیان میں پاکستانی فاسٹ بائولر نے کہا کہ ورلڈکپ میں کینگروز کے خلاف میچ میرے کیریئر کے یادگار میچوں میں سے ایک تھا، اس بار بھی کینگروز کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز میں اسی کارکردگی کو دوہراتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانا ہدف ہے اور مقصد کے حصول کیلئے سخت محنت کروں گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کینگروز کے خلاف اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز چیلنجنگ ہے کیونکہ ابھی تک کوئی بھی ایشیائی ٹیم یہاں پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی لیکن اس بار ہم تاریخ بدلنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈکوچ مکی آرتھر اور سٹیو رکسن کی ہمارے کوچنگ سٹاف میں موجودگی پلس پوائنٹ ہے، دونوں 2011ء سے 2014ء تک کینگروز کوچنگ سٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں، انہیں کینگروز ٹیم کی خامیوں کا اندازہ ہے اسلئے ہم ان کے مشورے کے مطابق کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :