حریت رہنمائوں کا صوفی اکبر اور شمس الحق کو زبردست خراج عقیدت

بدھ 14 دسمبر 2016 16:09

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں محمد یوسف نقاش اور حکیم عبدالرشید نے محازِ آزادی کے بانی صوفی محمد اکبرکو ان کی 29ویں بر سی پرشاندار خراج عقیدت پیش کیاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ صوفی محمد اکبرنے تحریک آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں اور آخری دم تک اپنے موقف پر ڈٹے رہے مگر ظالم اور جابر حکمرانوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا۔

انہوں نے کہا کہ صوفی اکبر نے 1975ء میں اندرا عبداللہ ایکاڑ کی پُر زور مخالفت کی اور انہوں نے شیخ محمد عبداللہ سے علیحدگی اختیار کی۔ صوفی اکبر جموںو کشمیر کی تحریک آزادی کے ایک مایہ ناز سپوت تھے جنہوں نے ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

یوسف نقاش اور حکیم عبدالرشیدنے غلام محمد میر المعراف شمس الحق کو بھی اُن کی 24ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کی تحریک آزادی کیلئے بے شمار خدمات کی تعریف کی۔دریں اثنا حریت رہنماؤں نے بیوورہ بجبہاڑہ میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے باسط رسول کو دل کی عمیق گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے مشن کوہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔