سندھ ہائی کورٹ،وفاق ، سندھ حکومت سے وی آئی پی شخصیات کی سیکیورٹی پالیسی طلب، وفاق کو 13 جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم

دیگر صوبوں میں جاتے وقت بھی بلاول بھٹو کو سیکیورٹی درکار ہوتی ہے، دیگر صوبوں میں ہمیں اپنی سیکیورٹی فراہم کرنے سے روکا جاتا ہے، بلاول کے وکیل کا موقف

بدھ 14 دسمبر 2016 16:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) سندھ ہائیکورٹ نے بلاول بھٹو زرداری کی سیکورٹی سے متعلق درخواست پر وفاق ، سندھ حکومت سے وی آئی پی شخصیات کی سیکیورٹی پالیسی طلب کرتے ہوئے وفاق کو 13 جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں بلاول بھٹو زرداری کی سیکورٹی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت بلاول بھٹوزرداری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بلاول بھٹو کو دہشت گردوں سے خطرات ہیں ، اسی دہشت گردی نے ان کی والدہ کو بھی نشانہ بنایا ، دیگر صوبوں میں جاتے وقت بھی بلاول بھٹو کو سیکیورٹی درکار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دیگر صوبوں میں ہمیں اپنی سیکیورٹی فراہم کرنے سے روکا جاتا ہے ، سید اقبال کاظمی نے بھی عدالت میں فریق بننے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہیں بھی بلاول بھٹو کے مساوی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔بعدازاںعدالت نے وفاق ، سندھ حکومت سے وی آئی پی شخصیات کی سیکورٹی پالیسی طلب کرلی اور وفاق کو 13 جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔واضح رہے کہ بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیکورٹی اداروں کی رپورٹس کے مطابق میری جان کو خطرہ ہے ، بلٹ پروف ، سیاہ شیشوں والی گاڑی بھی استعمال کرنے کی اجازت دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :