مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے عالمی برادری کی مداخلت ناگزیر ہو چکی ہے، اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل مسئلے کے حل کیلئے کردار ادا کریں، علی رضا

بدھ 14 دسمبر 2016 11:22

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسید نے اقوام متحدہ کے نو منتخب سیکرٹری جنرل آنتونیو گوتریس سے اپیل کی ہے کہ ومسئلہ کشمیرکے حل کے لئے اپناموثر کرداراداکریں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی رضاسید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے عالمی برادری کی مداخلت ناگزیر ہو چکی ہے کیونکہ اگر یہ مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ طور پر حل ہوناہوتا تو دونوں ملک اسے کب کے حل کرچکے ہوتے۔

انھوںنے کہاکہ اگرعالمی برادری مشرقی تیمو اور جنوبی سوڈان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے آگے آسکتی ہے تومسئلہ کشمیرکے حوالے سے وہ کیوں خاموش ہے۔علی رضا سید نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل سے بہت امیدیں ہیںکہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روک کر اسے تنازعہ کشمیر کے حل پر آمادہ کر لیں گے ۔

(جاری ہے)

علی رضا سید نے کہا کہ اقوام متحدہ نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے متعدد قرار دادیں بھی پاس کر رکھی ہیں لہذا عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی پاس کردہ قرار دادوں پر عمل در آمد کرائے۔انہوںنے کہاکہ بھارت دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیرسے ہٹانے کے لئے کنٹرول لائن پر جارحیت کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل یورپی یونین کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ نومنتخب سیکرٹری جنرل یکم جنوری سے اپنے فرائض سنبھالیں گے۔

متعلقہ عنوان :