صدر کے علاقے میں تجاوزات نے شہری اور کاروباری زندگی اجیرن بنادی ہے ،خرم شیر زمان

منگل 13 دسمبر 2016 23:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے قائم مقام صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ صدر کے علاقے میں تجاوزات نے شہری اور کاروباری زندگی اجیرن بنادی ہے ۔شہریوں کا پیدل چلنا بھی دشوار ہوگیا ہے جبکہ تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام کا معاملہ انتہائی سنگین ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

شہری روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کو تجاوزات کے خاتمے کیلئے متعدد بار شکایت کی لیکن انہوں نے کوئی کاروائی نہیں کی تحریک انصاف کے رہنما خرم زمان نے مزید کہا کہ کمشنر کراچی شہریوں کے مسائل حل کرنے میں عدم دلچسپی اور اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہے ہیں ۔

عدالتی حکم کے باجود تجاوزات کا خاتمہ نہیں کیا گیا جبکہ تجاوزات کی بھرمار سے لگتا ہے کہ انتظامیہ انکی سرپرستی کررہی ہے انہوں نے کہا کہ تجاوزات کی سرپرستی کرنے والی سرکاری اداروں کی کالی بھیڑوں کو ملازمت سے فارغ کیا جائے اور تجاوزات کے سرپرستوں کی گرفتاری عمل میں لاکر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔