نبی اکرم ﷺ سے محبت ہمارے دین کا پہلا جزو ہے، چوہدری اکرام

منگل 13 دسمبر 2016 23:13

سیالکوٹ ۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام نے کہا ہے کہ نبی اکرم ﷺ سے محبت ہمارے دین کا پہلا جزو ہے ۔ آپ ﷺ سے محبت کے بغیر ایمان نامکمل ہے ۔ نبی اکرمؐ کی محبت ہمارا ایمان اوردین ہے عید میلاد النبی ؐ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے مسرت کاپیغام لاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انسانیت کے لیے اعلیٰ ترین خیر رسول کریم ؐ لے کر آئے آج دنیا میں جو بھی خیر ہے وہ اصل میں اسی کا ظہور ہے حریت اور آزادی آپ ہی کی عطا ہے دنیا میں سب کچھ آپ کی رحمت کا ظہور ہے سرکار دو عالم کی دنیا میں تشریف آوری تاریخ انسانیت کا سب سے عظیم اورمقدس واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ -ؐ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے اور انسانیت کو دنیا بھر کی غلامی سے نجات ملی ۔آپ ؐ ربِ کائنات کے ابدی پیغام کی تکمیل کے لیے دنیا میں تشریف لائے اور آپؐ نے اپنے کردار اور عمل سے ایسا معاشرہ تشکیل دیا جس سے ہر فرد کو مکمل حقوق حاصل ہوئے۔آپﷺ نے انسانیت کی عظمت کا علم بلند کیا اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جس سے اخوت،محبت اور بھائی چارہ کا عنصر کوٹ کوٹ بھر دیا ۔