احتساب کے بغیر ملک اور جمہوریت کی گاڑی آگے نہیں بڑھ سکتی ‘سرا ج الحق

جس دن حقیقی احتساب ہوا ، اسمبلیوں میں بیٹھنے والوں کی اکثریت کو جیل میں چکی پیسنا پڑے گی‘امیر جماعت اسلامی

منگل 13 دسمبر 2016 23:03

احتساب کے بغیر ملک اور جمہوریت کی گاڑی آگے نہیں بڑھ سکتی ‘سرا ج الحق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے بغیر ملک اور جمہوریت کی گاڑی آگے نہیں بڑھ سکتی ،جس دن حقیقی احتساب ہوا ، اسمبلیوں میں بیٹھنے والوں کی اکثریت کو جیل میں چکی پیسنا پڑے گی ،پوری دنیا میں مکہ اور مدینہ کے بعدمقدس جگہ پاکستان ہے جسے کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیاگیاہے،لیکن کرپٹ حکمران ٹولے نے اس مقدس ملک کو بدنام کررکھا ہے ،باصلاحیت قوم اور وسائل سے مالامال ملک کے عوام اس ٹولے کی طبقاتی دہشت گردی کا شکار ہیں ، ملک سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، احتساب کا آغاز وزیر اعظم اور ان کے خاندان سے ہونا چاہئے تاکہ کوئی بھی احتساب کے شکنجے سے بچ نکلنے میں کامیاب نہ ہو ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مردان اور پی کے 27کی یونین کونسل پرخو ڈھیرئی میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق چیئر مین ڈسٹرکٹ کونسل فضل اللہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا بھی اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ پانامہ کیس کا فیصلہ اسی سال ہو لیکن بدقسمتی سے معاملہ اگلے سال تک چلا گیا ۔

جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے کیونکہ احتساب کے بغیر انتخاب اور جمہوریت بے کار ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ،وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم سے غریب غربت کی چکی میں پس رہا ہے اور امیر عیش و عشرت کے محل بنا رہا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو خیبر پختون خوا میں ضم کیا جائے ۔پولیٹیکل ایجنٹوں کے وظیفہ خوار فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں ادغام کے راستہ میں بڑی رکاوٹ ہیں ،وہ نہیں چاہتے کہ ایف سی آر کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگرایف سی آراتنی اچھی چیز ہے تو پھر اسے اسلام آباد میں بھی لاگو کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک حقیقی احتساب نہ ہو انتخابات بے معنی ہونگے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انتخاب سے قبل انتخابی اصلاحات کرائی جائیں تاکہ عوام کے حقیقی نمائندے سامنے آسکیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم نے جن لوگو ںسے آزادی حاصل کی تھی ان کے بگڑے ہوئے شہزادے آج ملک کے سیاہ و سفید کے مالک بنے بیٹھے ہیں ۔

ان لٹیروں کی وجہ سے سیاست تجارت بن چکی ہے ۔عام آدمی کیلئے انتخاب میں حصہ لینا نا ممکن ہے ۔بعد ازاں سراج الحق نے اسلامک لائرز فور م کے نومنتخب عہدیداروں صدر اجمل عباسی،نائب صدر فیض الحسن ،جنرل سیکرٹری مسلم شاہ ،فناس سیکر ٹری طلا ء محمد اور جائنٹ سیکرٹری اسفندیار عمر سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر عطاالرحمان ، جنرل سیکر ٹری عما د اکبر ،تحصیل نائب ناظم مشتاق سیماب، سابق ضلعی نائب ناظم عطاء الرحمان ایڈووکیٹ اور سعید اختر ایڈوکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔