ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کا رجسٹریشن لائسنسنگ ادویات کی قیمتوں اور معیار کے قانون کی خلاف ورزی پر مشترکہ کارروائی کا اعلان

بین الصوبائی اجلاس ہردو ماہ بعد بلایا جائے گا ،جاری پروگرام اور آئندہ کے منصوبے غور کیلئے رکھے جائینگے، عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے وفاق اور صوبے مل کر کوششیں کرینگے ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے بین الصوبائی اجلاس میں فیصلہ

منگل 13 دسمبر 2016 22:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی طرف سے منعقدہ بین الصوبائی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رجسٹریشن لائسنسنگ ادویات کی قیمتوں اور معیار کے حوالے سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی جائے گی،تاکہ ملک میں جعلی، غیرمعیاری ادویات کے تیار کرنے والوں کی سرکوبی کی جائے۔

گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ عوام الناس کو معیاری ادویات کی فراہمی ، مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے وفاق اور صوبوں نے مل کر کوششیں کرنی ہیں ۔ اس حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ بین الصوبائی اجلاس ہردو ماہ بعد بلایا جائے گا اور جاری پروگرام اور آئندہ کے منصوبے غور کے لیے رکھے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈریپ 2-D بار کوڈ متعارف کروا رہا ہے جس کی مدد سے جعلی ادویا ت کی لعنت پر قابو پایا جا سکے گا۔

اس سلسلے میں رولز میں ترمیم کا عمل جار ی ہے تمام صوبوں نے جعلی ادویات تیار کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی سے تفصیلی آگاہ کیا۔ خیبر پختونخواہ کے نمائندہ نے اس حوالے سے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری ہے۔ جبکہ بلوچستان کے نمائندے نے آگاہ کیا کہ ادویات کی غیر قانونی امپورٹ جو کہ ایک ہمسایہ ممالک سے جاری تھی اور اس کی لوکل پیکنگ کی جا رہی تھی۔ اس کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :