لکی سیمنٹ فیکٹری، مالاکنڈ اسٹیل ملز، بھٹہ خشت اور کرشنگ مشینوں کا دورہ کرکے آلودگی کو چیک کریں،پرویز خٹک

منگل 13 دسمبر 2016 22:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں ماحول دوست صنعتوں کے قیام پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں لکی سیمنٹ فیکٹری، مالاکنڈ اسٹیل ملز، بھٹہ خشت اور کرشنگ مشینوں کا دورہ کرکے آلودگی کو چیک کریں۔ وہ صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے سلسلے میں بلائے گئے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں قدرتی گیس کو بجلی کی پیداوار کے لئے استعمال میں لانے، صنعتوں کے قیام کیلئے مجوزہ مقامات اور نئے مقامات کے تعین کے بارے میں غور وخوض کیا گیا۔صوبائی وزیر برائے توانائی محمد عاطف خان، انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی حکومت رشکئی ، جلوزئی، غازی ، بنوں اور بونیر اور پہلے سے موجود انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی شہروں کے قیام کے بارے میں منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ صوبے کی تیز تر ترقی یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس سلسلے میں کوئی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ایم ون، حطار اور جلوزئی انڈسٹریل اسٹیٹس پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دینا چاہتی ہے تاکہ تیز تر صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہو ، سرمایہ کاروں کی دلچسپی ، صوبے میں بہتر ماحول کے سبب صنعتی ترقی اور قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

صوبے کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہمارے خطے میں تیز ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا تھا لیکن بد قسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے اس شعبے پر کوئی توجہ نہ دی ۔ موجودہ حکومت نے اس شعبے کو توجہ کا مرکز بنا یا ہے اور اسے صوبے کی ترقی کیلئے استعمال میں لائے گی۔اگر ہم نے سرمایہ کاروں کو بھر پور مراعات نہ دیں تو صوبے کو لامحالہ نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ ہم دو قدم آگے جائیں گے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں گے جو صوبے کی ترقی کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کرے گی۔

پرویز خٹک نے کہاکہ ہمارا صوبہ وفاق کی ایک ایسی اکائی ثابت ہو گی جو صنعتی ترقی کیلئے جانی جائے گی ۔ اس کی وجہ ہماری سرمایہ کار دوست پالیسیاں ہیں۔ ان پالیسیوں کے طفیل روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وسائل میں اضافہ ہو گا۔ اور اس کے ذریعے ہونے والی آمدن کو صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے استعمال میں لایا جا سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وہ صوبے میں صنعتوں کی ترقی کے عمل کو تیز تر کریں تا کہ صوبہ اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے قابل ہو سکے اور ملک اور صوبے کی مجموعی ترقی یقینی بنائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :