بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام پر بھوک وخوف مسلط ہے،مشتاق احمدخان

منگل 13 دسمبر 2016 21:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پا کستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام پر بھوک وخوف مسلط ہے ۔ غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے ۔ استعماری طاقتوں نے عالم اسلام کے خلاف سازشوں کا جال بچھا رکھاہے حضورؐ نے معاشرے کے پسے ہوئے لوگوں کو باعزت شہریوں کا درجہ دیا آج ہم نے سیرت مصطفیٰؐ کو مسجدوں تک محدود کر دیاہے جبکہ اس کی اصل ضرورت ان اسمبلیوں میں ہے جہاں قانون سازی کی جاتی ہے ۔

ملک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہندووانہ کلچر کو فروغ دیا جارہاہے ۔حکمرانوںکا قبلہ واشنگٹن ، جبکہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کا قبلہ مکہ مکرمہ ہے ۔

(جاری ہے)

ہم پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحے تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ سے ہی ملک کو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے ۔ ایمان کی تکمیل کے لیے محمد ﷺسے محبت ضروری ہے اور اس محبت کا تقاضا ہے کہ عمارات اور بازاروں کو سجانے کے بجائے اس مشن ، کام اور نصب العین کو اس کے روح کے ساتھ اپنائیں جو پیغمبر اسلام ﷺ نے دیا ہے ۔

وہ پشاور یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام طلبہ میلہ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب سے اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس کے ناظم برادر عتیق الرحمان نے بھی خطا ب کیا ۔ تقریب میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔ تقریب میں صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ پا کستان کی ترقی و خوشحالی اور بقا کی ضمانت صرف اسلامی نظام حکومت دے سکتا ہے ۔

ملک میں جاری بدامنی اور لاقانونیت کا حل آئین پر بلاتفریق عمل کرنے میں ہے ،اگر امراء اور غرباء کیلئے الگ الگ قانون رہا تو انتشار اور انارکی بڑھتی رہیگی جس سے بدامنی میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوںنے کہاکہ اس وقت نامی گرامی چور جس کے نام پانامہ لیکس ، دبئی لیکس میں ہیں حکمرانی کر رہے ہیں ۔ملک میں ظلم کا نظام ہے جس میں سود عام ہے ۔45 فی صد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ۔

تھر میںبچے بھوک سے مر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بینکوں نے گزشتہ سال سو د سے 66 فی صد منافع کمایا ۔انہوںنے کہاکہ اس وقت 2 کروڑ 20 لاکھ بچے تعلیم سے محروم اور تعلیمی اداروں سے باہر ہیں ۔ملک میں اسلامی نظام ہوگا یہ تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو مایوس کر دیا ہے جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی ۔ مشتاق احمد خان نے اسلامی جمعیت طلبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ محدود وسائل میں بدامنی اور دہشت گردی کے اس دور میںنوجوانوں کے لیے تعمیر ی دنیا سجا دی ہے ۔