تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو میرٹ کی بنیاد پر تعینات رکھا جائیگا، جام مہتاب حسین ڈھر

منگل 13 دسمبر 2016 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی میرٹ کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے اور محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں اہلیت کی بنیاد پر کی جائیں گی اور شفافیت کے تمام تقاضے ملحوظ خاطر رکھے جائیں گے۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کی بنیاد پر محکمہ تعلیم میں خالی اسامیوں پر بھرتی کے لئے غیر جانبدار ادارے مثلاًآئی بی اے۔ زیبسٹ اور اسی قسم کے مثالی اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور ان اداروں کے ذریعے بھرتی ہونے والے اساتذہ اور دیگر غیر تدریسی عملے کو پانچ سال کی بہتر کارکردگی کے مانیٹرنگ اورحاضری کے بعد ہی ان ملازمین کو مستقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اختلافات اور اسامیوں کی بھرتی میں مبینہ کرپشن کے الزامات نہ صرف بے بنیاد اور من گھڑت ہیں اور اسی قسم کی خبریں پھیلانے والے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں۔ علاقہ ازیں صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے چیئرمین اینٹی کرپشن کو سال 2013-14اور 2015-16کے دوران اسکول اسپیشل بجٹ کے تحت کلاس رومز میں مواد کی فراہمی لائبریری ، لیباریٹریز ، اسپورٹس کا سامان، اسٹیشنری اور دیگر مد میں مبینہ خرد برد کے حوالے سے تحقیقات کے لئے لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں شکایات ملی ہیں اور اس سلسلے میں مکمل طور پر غیر جانبدار تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔