ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے فوجی عدا لتوں کی سزائوں کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کر دیں

منگل 13 دسمبر 2016 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے فوجی عدا لتوں کی سزائوں کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کر دیں۔لاہور ہائیکورٹ کے روبرو 7مجرمان کی جانب سے فوجی عدالتوں کی سزائوں کے خلاف درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ مجرمان کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ان کا مقدمہ انسداد دہشتگردی عدالت میں زیر سماعت تھا جسے غیر قانونی طور پر فوجی عدالتوں کو منتقل کیا گیا،جنہوں نے بغیر موقف سنے پھانسی کی سزا سنا دی۔

(جاری ہے)

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ فوجی عدالتوں کی طرف سے سنائی گئی سزائوں کو کالعدم قرار دے کر مقدمات کو دوبارہ انسداد دہشتگردی عدالت منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تمام ملزمان تربیت یافتہ دہشتگرد ہیں، تمام تحقیقات میں ان پر جرم ثابت ہو چکے ہیں، قانونی تقاضوں کے مطابق مقدمات فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے، جہاں قانون کے مطابق مجرمان کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے ۔ تاہم فاضل عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد تمام مجرمان کی درخواستیں خارج کر دیں۔