صوبائی حکومت تمام شعبوں میں نئی ٹیکنالوجیز اپنانے پر تندہی سے کام کررہی ہے،عاطف خان

منگل 13 دسمبر 2016 19:52

پشاور۔13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اور توانائی و برقیات محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ موجودہ دورنئی جہت اور ٹیکنالوجیز کا ہے لہذا صوبائی حکومت تمام شعبوں میں نئی ٹیکنالوجیز اپنانے پر تندہی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے اپنے ماتحت محکموں ابتدائی و ثانوی تعلیم اور توانائی و برقیات میںگزشتہ 3سالوں کے دوران متعارف کردہ نئی ٹیکنالوجیز کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ عالمی سطح پر متعارف ہونے والے تمام نئی ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پشاور میں برطانیہ کی کمپنی AQOVIA کے چیف ایگزیکٹیو شاہ شامیل عالم کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو نے تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں اپنی مہارتوں اور خدمات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان کے علاوہ افریقہ ،آئر لینڈ، اور امریکہ میں مختلف شعبوں میں جدیدترین ٹیکنالوجیزپر کام کررہی ہے اور خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت بھی اس سے استفادہ کرے ۔

صوبائی وزیر نے کمپنی کے حکام سے کہا کہ ان شعبوں سے متعلق اپنا تصوراتی خاکہ تیار کر کے بھجوائیں ۔عاطف خان نے کہا کہ ترقیافتہ دنیا کا موثر طور پر مقابلہ کرنے کے لئے نئی ٹیکنالوجیز سے لیس ہونا وقت کی ضرورت ہے انہوں نے اپنے ماتحت محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ کمپنی کے ساتھ مل بیٹھ کر اپنی سفارشات تیار کر کے انہیں بھیجوائیں تاکہ اس سلسلے میں پیش رفت کی جاسکے۔وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیم اور توانائی کے شعبوں کیلئے نئی ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنے کی آج جتنی ضرورت ہے شاہد ہی کسی اورشعبے میں ہوکیونکہ ان شعبوں کی ترقی سے ہی ہمارا روشن مستقبل وابستہ ہے ۔