جماعةالدعوة پاکستان کی 16دسمبر کو ہونے والی سقوط مشرقی پاکستان کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

منگل 13 دسمبر 2016 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) جماعةالدعوة پاکستان کی 16دسمبر کو ہونے والی سقوط مشرقی پاکستان کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ ناصر باغ ہونے والی کانفرنس کے سلسلہ میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کوشرکت کی دعوت دی جارہی ہے اور رابطے و ملاقاتیں جاری ہیں۔امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نماز جمعہ ناصر باغ میں پڑھائیں گے اور بعد ازاں باقاعدہ طور پر سقوط مشرقی پاکستان کانفرنس کا آغاز ہو گا جس سے ملک بھر کی سیاسی و مذہبی قیادت خطاب کرے گی۔

جماعةالدعوة کی طرف سے کانفرنس کامیاب بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے جارہے ہیں۔ شہر اور گردونواح سے ہزاروں افراد ناصر باغ گرائونڈ میں ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماع اور بعد ازاں کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ 16دسمبر کو ہونے والی سقوط مشرقی پاکستان کانفرنس تاریخی نوعیت کی ہو گی۔

مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے بھارت سرکار کی پاکستان کیخلاف سازشوں کو بے نقاب کریں گے اور دنیا کو انڈیا کی دہشت گردانہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت میں ہندو انتہاپسند تنظیم بی جے پی اور نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد پاکستان کیخلاف سازشیں بہت بڑھ چکی ہیں۔ انڈیا بیرونی قوتوں کی شہ پر ایک بار پھر پاکستان میں مشرقی پاکستان کی تاریخ دہرانا چاہتا ہے ۔

اس مقصد کیلئے بلوچستان، سندھ اور دیگر علاقوں میں تخریب کاری و دہشت گردی کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن اس کی یہ سازشیں ان شاء اللہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ بھارت سرکار کو یا د رکھنا چاہیے کہ یہ 1971ء والا پاکستان نہیں ہے۔یہ اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت رکھنے والا ملک ہے اور پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ازلی دشمن بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کیلئے تیار ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت سرکار اور اس کی خفیہ ایجنسیوں کی وطن عزیز پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد و بیدار ہے۔

متعلقہ عنوان :