گوادر بندرگاہ اور اقتصادی راہداری کیلئے خصوصی سیکیورٹی فورس تشکیل

میری ٹائم کے محفوظ ماحول کا سہرا پاکستان میری ٹائم کے سر جاتا ہے،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات

منگل 13 دسمبر 2016 19:16

گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان نیوی نے گوادر بندرگاہ اور اقتصادی راہداری کیلئے خصوصی سیکیورٹی فورس تشکیل دیدی ہے جو سپیشل سیکیورٹی ڈویژن کیساتھ مشترکہ طور پر فرائض انجام دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے گوادر بندرگاہ اور اقتصادی راہداری کی حفاظت کیلئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیدی ہے جسے TF-88 کا نام دیا گیا ہے۔

یہ فورس جاسوس طیاروں، ڈرونز، جنگی جہازوں، جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس ہو گی اور اقتصادی راہداری سپیشل سیکیورٹی ڈویژن فرائض مشترکہ انجام دے گی۔منگل کے روز پاک بحریہ کی نئی ٹاسک فورس 88 کے قیام کی تقریب گوادر پورٹ پر ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات تھے جبکہ نیول چیف ایڈمرل ذکاء اور ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبہ معیشت میں بہتری کیلئے اہم ثابت ہو گا اور اس سے معیشت کا ہر شعبہ ترقی کرے گا، سی پیک سے پاکستان اور پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اور اس کی سیکیورٹی میں نیوی کا کردار اہم ہے جبکہ میری ٹائم کو محفوظ بنانے کیلئے پاک بحریہ نے اہم کردار ادا کیا اس لئے میری ٹائم کے محفوظ ماحول کا سہرا پاکستان میری ٹائم کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے تقریب میں مدعو کرنے پر سربراہ پاک بحریہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :