خیبر پختونخوا اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی برائے محکمہ صحت کاایک اہم اجلاس

منگل 13 دسمبر 2016 18:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی برائے محکمہ صحت کاایک اجلاس سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت منگل کے روز صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران سنیئر صوبائی وزیر برائے صحت شہرام خان ترکئی ، سردار اورنگزیب نلوٹھا، سردار حسین بابک ، زرین گل ، شاہ حسین خان ، منورخان ایڈوکیٹ ، ملک نورسلیم ، فخر اعظم وزیر ، اعزاز الملک افکاری، محترمہ آمنہ سردار، محترمہ عظمہ خان کے علاوہ سیکرٹری محکمہ صحت ، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت عابد مجید نے اجلاس کے شرکاء کو خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال بنوں میں ایڈہاک اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر 2011 میں بھرتی ہونے والے ملازمین اور محکمہ صحت میں ایڈہاک بنیادوں پر 2013 میں بھرتی ہونے والے 3 ڈرگ انسپکٹرز کی ریگولرائزیشن کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ عملے کو خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کی اجازت سے ایڈہاک قوانین کے تحت میرٹ پر بھرتی کیا گیا تھا ۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ محکمہ صحت کو مختلف شعبہ جات میں عملے کو پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی کیا جاتا ہے۔ کمیشن کے طریقہ کار کے مطابق عملے کی بھرتی پر کافی وقت لگتا ہے لہٰذا محکمہ صحت طبی خدمات کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے اور عملے کی کمی کو دور کرنے کے لئے ایڈہاک بنیادوں پر بھرتی کرتاہے اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ صحت مذکورہ عملے کی کارکردگی سے مطمئن ہے اور ان کی ریگولرائزیشن کی سفارش کرتا ہے ۔

کمیٹی کے ارکان نے محکمہ صحت کی سفارشات سے اتفاق کرتے ہوئے خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال بنوں اور 3 ڈرگ انسپکٹروں کی رگولرائزیشن کی باقاعدہ منظور ی دے دی۔اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ محکمہ صحت کے مختلف شعبہ جات میں گزشتہ کئی سالوں کے دوران میڈیکل آفیسرز سمیت ایڈہاک پر بھرتی ہونے والے دیگر ملازمین کو بھی ریگولرائز کیا جائے تاکہ وہ اپنی خدمات پوری دلجمعی اور بھرپو رطریقے سے سرانجام دے سکیں کمیٹی نے صوبہ بھر کے ایڈہاک میڈیکل آفیسرز ، ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ ، ڈرگ انسپکٹرز، انڈیپنڈنٹ مانیٹرینگ یونٹ IMU ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم ، ہیلتھ سیکٹرریفارمز یونٹ اور پلاننگ سیل کے ایڈہاک ملازمین کو دیگر ملازمین کی طرز پر ریگولرائز کرنے کی متفقہ طور پر سفارش کی ۔

کمیٹی نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں تمام ایڈہاک ملازمین کی ریگولرائزیشن کے لئے بل پیش کرے تاکہ اسے حتمی منظوری کے لئے اسمبلی میں پیش کیا جاسکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت کے شعبے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدمات کررہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ صحت مند معاشرے کے قیام کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :