حکومت کی بدعنوانیوں سے متعلق تمام ثبوت عدالت کو پیش کر دیئے ہیں‘ صرف فیصلہ آنا باقی ہے‘ فواد چوہدری

طیارہ حادثہ میں چیئرمین پی آئی اے کے ساتھ متعلقہ وزیر بھی مستعفی ہو ‘ پانامہ کیس کے حوالے سے تمام تر ثبوت عدالت میں جمع کرا دیئے ‘ وزیر اعظم نے ا پنی جائیداد کے ذرائع ظاہر نہیں کیے‘ وزیر اعظم کا خاندان ملین پائونڈ زکا کاروبار کر رہا ہے تحریک انصاف کے ترجمان کی میڈیا سے گفتگو

منگل 13 دسمبر 2016 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی بدعنوانیوں سے متعلق تمام ثبوت عدالت کو پیش کر دیئے ہیں‘ صرف فیصلہ آنا باقی ہے‘ طیارہ حادثہ میں چیئرمین پی آئی اے کے ساتھ متعلقہ وزیر کو بھی مستعفی ہونا چاہیے۔منگل کو گارڈن ٹا ئون چیئرمین سیکرٹریٹ میں دیگر پارٹی رہنما ئوں عمر سرفرازچیمہ، اعجاز چوہدری اور حافظ فرحت کے ہمراہ پانامہ کیس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ کیس کے حوالے سے تمام تر ثبوت عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں‘ وزیر اعظم نے ا پنی جائیداد کے ذرائع ظاہر نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا خاندان ملین پانڈ کا کاروبار کر رہا ہے لیکن ابھی تک عدالت میں ریکارڈ جمع نہیں کرایا، عدالت کی جانب سے صرف اب فیصلہ سنایا جانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس اب عوامی عدالت میں لے کر جائیں گے، تحریک انصاف بڑے شہروں کی گلی محلے میں لوگوں کو اس کیس سے متعلق آگاہ کرے گی۔پارٹیاں بدلنے کے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ مشرف کی جماعت سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر جاری رہے گا۔اس موقع پر اعجاز چوہدری نے کہا کہ اس ملک میں ہونے والے حادثات کی ذمہ داری آج تک کسی پر نہ ڈالی گئی نہ سزا ملی۔ تحریک انصاف طیارے کے حادثے کو ہمیشہ کی طرح دبانے نہیں دیگی اسے اپنی مہم میں شامل کرے گی جب تک ذمہ داروں کا تعین نہیں ہو جاتا۔