جلد عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرکے پانامہ لیکس ،پاکستان میں ہونیوالی کرپشن کی سیاست کا خاتمہ کرینگے،بیرسٹر سلطان

جب تک کرپشن ،لوٹ مارکی سیاست ختم نہیں ہوتی اسوقت تک بہتری نہیں آسکتی، پاکستان میں جب بھی الیکشن ہوئے پی ٹی آئی ضرور سرخرو ہوگی، مختلف وفود سے گفتگو

منگل 13 دسمبر 2016 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان میں عنقریب عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرکے پانامہ لیکس اور پاکستان میں ہونے والی کرپشن کی سیاست کا خاتمہ کریگی اسمیں کشمیری بھی بھرپور شرکت کریں گے۔ کیونکہ جب تک پاکستان سے کرپشن اور لوٹ مارکی سیاست ختم نہیں ہوتی اسوقت تک بہتری نہیں آسکتی۔

پاکستان میں جب بھی الیکشن ہوئے اس میں پی ٹی آئی ضرور سرخرو ہوگی۔ آزاد کشمیر میں حکومت کو گڈ گورننس کے لئے چھ ماہ کا وقت دیا ہے اس میں تقریباً ابھی ڈیڑھ ماہ کا ٹائم باقی ہے اور اسکے بعد میں آزاد کشمیر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرونگا۔

(جاری ہے)

اسکے بعد ہم حکومت آزاد کشمیر سے کہیں گے کہ وہ کرپشن کی سیاست کا خاتمہ کرکے گڈ گورننس قائم کریں اور احتسابی عمل میں بھی تیزی لائیں۔

ماضی میں نے خود بھی بڑے بڑے اسکینڈلز کا انکشاف کیاتھا جس میں اسوقت کے وزیر اعظم بھی شریک تھے۔ آج وقت آگیا ہے کہ ان اسکینڈلز کے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیرٹ میں آزاد کشمیر بھر سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم اپنی سفارتی سطح پر کوششیں بھی جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم و بربریت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اسی طرح ہم آزاد کشمیر میں بھی عوامی حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔جسطرح کہ آزاد کشمیر میںعام انتخابات میں بڑے پیمانے پردھاندلی کی گئی۔اس کا بھی ہم پوسٹ مارٹم کرتے رہیں گے۔