کراچی میں ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کا جدید ترین نظام متعارف کرادیا

نیا ڈرائیونگ لائسنس نادرا سے منسلک ہوگا ، نئے لائسنس کی تیاری کے دوران عوام کو ایس ایم ایس سروس سے آگاہ رکھا جائے گا، درخواست گزارگھر بیٹھے لائسنس فیس جمع کراسکیں گے،نئے نظام کے تحت بننے والے لائسنسوں کی بین الاقوامی سطح پر بھی تصدیق کی جاسکے گی، آئی جی سندھ

منگل 13 دسمبر 2016 17:12

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) کراچی میں ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کا جدید ترین نظام متعارف کرادیا، نئے سسٹم کا مقصد جعلی ڈرائیونگ لائسنس کی روک تھام ہے۔ درخواست گزارگھر بیٹھے لائسنس فیس جمع کراسکیں گے،جدید ترین نئے نظام کے تحت بننے والے لائسنسوں کی بین الاقوامی سطح پر بھی تصدیق کی جاسکے گی۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ڈرائیونگ لائسنس آفس کلفٹن میں نئے کمپیوٹرائز ڈرائیوانگ لائسنس سسٹم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کا جدید ترین نظام متعارف کرادیا ہے اور یہ ایک ماڈل سسٹم ہے ۔ اس نظام سے جعلی لائسنس کی روک تھام میں مدد ملے گی، پرانے لائسنس کی 15 سے منٹ میں تجدید ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیاکمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس نادرا سے آن لائن منسلک ہے، کپمیوٹرائزڈ ڈرائیونگ سے جعلی لائسنس کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

اس سسٹم کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول عوام کے لئے آن لائن اور آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے لائسنس کا حصول ممکن بنایا گیا ہے، عوام نئے ڈرائیونگ لائسنس کی معلومات موبائل ایپ سے حاصل کرسکیں گے، عوام کو لائسنس کی تیاری کے دوران ایس ایم ایس سروس سے آگاہ رکھا جائے گا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ سسٹم پر عمل درآمد سے جو لائسنس جاری ہوں گے وہ مستند ہو ںگے، نئے سسٹم لائسنس کی بین الاقوامی سطح پر بھی تصدیق کی جا سکے گی، لائسنس کے ذریعے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہاکہ گھر سے بھی لائسنس کی فیس ادا کی جا سکے گی اور لائسنس گھر پر بھی پہنچایا جائے گا جس سے لائسنس کنندہ کے پتے کی بھی تصدیق ہو سکے گی۔ انہوں نے کہاکہ پرانے لائسنس کی 15 سے منٹ میں تجدید ہوسکے گی، نئے لائسنس 40 منٹ میں ملیں گے، شہری کسی بھی بینک میں لائسنس کی فیس جمع کرا سکیں گے۔