بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے آغاز سے لے کر ا ب تک کئی سنگ میل حاصل کر چکا ہے، بی آئی ایس پی نے 1.7ملین مستحقین کو 0.4ارب روپے سالانہ معالی معاونت بہم پہنچائی، وزیر مملکت ماروی میمن کا قومی مقابلے کے افتتاح کے موقع پر پیغام

منگل 13 دسمبر 2016 16:44

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے آغاز سے لے کر ا ب تک کئی سنگ میل حاصل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے منگل کو بی آئی ایس پی کے غیر مشروط مالی معاونت اقدام کی برانڈنگ کیلئے بی آئی ایس پی سیکرٹریٹ میں قومی مقابلے کا افتتاح کیا۔ تقریب میںراولپنڈی/اسلام آباد کے معروف آرٹ، ڈیزائن کے تعلیمی اداروںسے تعلق رکھنے والے طالب علموں نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اپنے آغاز سے لے کر ا ب تک کئی سنگ میل حاصل کر چکا ہے۔ بی آئی ایس پی نے 1.7ملین مستحقین کو 0.4ارب روپے سالانہ معالی معاونت بہم پہنچائی اور اب مستحقین کی تعداد 5.3ملین جبکہ سالانہ مالی معاونت 115ارب روپے ہوچکی ہے۔بی آئی ایس پی کے غیر مشروط مالی معاونت (UCT) اقدام کا نام اور علامت (لوگو) مقرر کرنے کیلئے یہ مناسب وقت ہے۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جارہا ہے، اس مقابلے کا انعقاد، بی آئی ایس پی کے دیگر اقدامات جیسے وسیلہ تعلیم کی طرح ،غیر مشروط مالی معاونت (UCT) پراڈیکٹ کا نام اور لوگو مقررکرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔ UCTکے تحت پروگرام کے مستحقین کو 4,834روپے فی سہ ماہی ادا کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مقابلے میں شرکت کرنے والوں کی تجاویز وصول کرنے کیلئے ایک ویب پورٹل لانچ کیا۔

شرکاء اپنی تجاویزکا اندراج www.bisp.gov.pk/branding.aspx پر کراسکتے ہیں۔بی آئی ایس پی کے تمام ڈائریکٹر جنرلز پر مشتمل کمیٹی بہترین تجاویز کو شارٹ لسٹ کرے گی۔بعد ازاں ان تجاویز کوپاکستان کے شہریوں کی جانب سے آن لائن ووٹنگ کیلئے تشہیر کیا جائے گا۔ سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی تجویز کو باضابطہ طور پر غیر مشروط مالی معاونت کے نام اور لوگو کی حیثیت سے اپنایا جائیگا۔

جیتے والے کو میرٹ سرٹیفکیٹ اور بی آئی ایس پی مستحقین سے ملاقات کیلئے پاکستان میں کسی بھی جگہ دو روز ہ سفر کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔کیش ٹرانسفر کا ایک جائزہ پیش کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ ثقافتی روایات سے مرکب نیا نام اور لوگو ہماری مستحق خواتین کے دلوں کے قریب ہوگا۔ اس سے خواتین میں مالک ہونے کے احساس میں اضافہ ہوگا۔ آخر میں انہوں نے پورے پاکستان کو دعوت دی وہ آگے بڑھیں اور بی آئی ایس پی کے غیر مشروط مالی معاونت اقدام کی برانڈنگ کیلئے قومی مقابلے میں حصہ لیں۔

متعلقہ عنوان :