قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس، مراد سعید اور وفاقی وزیر زاہد احمد کے درمیان تلخ کلامی

چیئرمین کمیٹی نے بیچ بچائوکراتے ہوئے معاملے کو رفع دفع کرایا

منگل 13 دسمبر 2016 15:27

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس، مراد سعید ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر زاہد حامد اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء مراد سعید کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تاہم چیئرمین کمیٹی نے بیچ بچائوکراتے ہوئے معاملے کو رفع دفع کرایا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہو رہا تھا جس دوران مراد سعید نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق جو بل آپ نے پیش کیا ہے وہ اچھا ہے تاہم اس پر عملدرآمد کون کرے گا، جواب دیا جائے۔

اس پر وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ میں اس سوال کا تین بار جواب دے چکا ہوں لیکن آپ سن نہیں رہے۔ اس پر مراد سعید نے کہا کہ میرے سوال کا وزیر نے جواب نہیں دیا اور آپ غصہ کیوں ہو رہے ہیں میں نے جواب مانگا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر زاہد حامد کا کہنا تھا کہ آپ نے اتھارٹی کو چیلنج کیااس پر جواب دیا۔مراد سعید نے کہا کہ اگر میں برداشت نہیں ہو رہا تو چلا جاتا ہوں لیکن یہ رویہ مناسب نہیں ہے۔

اس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ ایسا بالکل نہیں کہ آپ برداشت نہیں ہو رہے، آپ کے سوال کا جواب دیا جا چکا ہے ، آپ سیکشن اے کو پڑھیں، اس میں آپ کے سوال کا جواب موجود ہیں۔وفاقی وزیر زاہد احمد کاکہنا تھا کہ آپ ایک سٹرونگ اپوزیشن ہیں لیکن یہ بل پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ہے اور انتہائی اہم ہے، اس میں آپ کا تعاون درکار ہے۔ آپ کے سوال کا جواب اگر نہیں مل رہا تو آپ بل کی حمایت کریں اور اگر کوئی تحفظات ہوں گے یا مزید سوالات ہوں گے تو ان کا جواب اسمبلی میں بل پیش کرنے کے موقع پر دیدیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :