عدالتی نظام سے وزیراعظم کے خلاف فیصلے کی امید نہیں ،ْقمر زمان کائرہ

ہم سمجھتے ہیں حزب اختلاف اکٹھی ہوئے بغیر حکومت پر بڑا دباؤ نہیں ڈال سکتی ،ْانٹرویو ماضی میں بھی وزیراعظم نواز شریف پر غیر معمولی مہربانیاں کرکے ان کے خلاف فیصلے نہیں کیے گئے ،ْپی پی رہنما

منگل 13 دسمبر 2016 13:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ملک کے عدالتی نظام سے امید لگائے بیٹھے ہیں تاہم ان کی جماعت کو عدالتی نظام سے کوئی خاص امید نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ 'موجودہ حالات میں اگر پی ٹی آئی نے کوئی سبق سیکھ لیا ہو تو ہم سمجھتے ہیں کہ حزب اختلاف اکٹھی ہوئے بغیر حکومت پر بڑا دباؤ نہیں ڈال سکتی۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اپنے تجربے کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ ہمیں اس عدالتی نظام سے کوئی خاص امید نہیں ہے۔قمر زمان کائرہ کے مطابق ماضی میں بھی وزیراعظم نواز شریف پر غیر معمولی مہربانیاں کرکے ان کے خلاف فیصلے نہیں کیے گئے۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی قیادت کو جو رائے پیپلز پارٹی نے دی اگر وہ مان لیتے تو آج انھیں ان حالات کا سامنا نہ کرنا پڑتا، پی ٹی آئی نے حزب اختلاف کو چھوڑا جبکہ پیپلز پارٹی نے انھیں ایک جگہ اکٹھا کیا۔