ملک بھر میں جشن ولادت النبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

نبی آخرالزماں کی ولادت با سعادت کے موقع پر ملک بھر میں عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا عیدمیلادالنبی کے سلسلے میں اسلام آباد میں 31 ، صوبائی دارلحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، فضائیں اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھیں،ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات خدمت خلق مسلمانوں کا اولین فریضہ ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوار ہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے،ہمیں انتہاپسند سوچ اور علاقائی تعصبات کوخیرباد کہنے کاعہد کرناچاہیے،صدرووزیراعظم کی مبارک باد

منگل 13 دسمبر 2016 12:09

ملک بھر میں جشن ولادت النبی عقیدت و احترام سے منایا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء)ملک بھر میں جشن ولادت النبی پیر کونہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں کا آغاز نماز فجر کے بعد بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔

جشن عید میلاد النبیٓ کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں حضور نبی کریم سے محبت کا اظہار کیا گیا، عاشقان رسول نے اپنے اپنے انداز میں سرکار دو عالم سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ عیدمیلادالنبی کے سلسلے میں پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارلحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فضائیں اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھیں جب کہ پاک فوج کے جوانوں نے عزم کا اظہارکیا کہ ملک کی سلامتی اور دین مصطفیٰ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ نبی آخر الزماں کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام نے خطاب کیا جس میں سیرت النبی بیان کی گئی۔ ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں عاشقان رسول نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا۔

اس کے علاوہ مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ جشن عید میلاالنبیٓکے سلسلے میں سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیئے گئے تھے جس کے تحت جلوسوں کی مرکزی گزرگاہیں اور اس سے ملحقہ سڑ کیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند تھیں جب کہ جلوس میں شامل ہونے والوں کو جامع تلاشی کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی۔

عید میلاد البنی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ حضور نبی کریم کی ولادت باسعادت کے موقع پر میں پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مبارک دن اس دنیا کے لئے دکھوں سے نجات اور امن و آشتی کا پیغام لایا، اب یہ فرزندان اسلام کا فریضہ ہے کہ وہ آپ کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں اس کرہ ارض کو جنت نظیر بنادیں۔

اس لئے ضروری ہے کہ خطبہ حج الوداع کی روشنی میں رنگ و نسل اور علاقائی و لسانی تعصبات سے نجات حاصل کرکے اپنی زندگی اور اللہ کی مخلوق کی زندگی میں خوشیاں بھردیں تاکہ وطن عزیز ، عالم اسلام اور پوری دنیا میں میانہ روی ، اعتدال اور عدل کی عظیم روایات کا بول بالا اور شدت پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دنیا کو تعلیمات نبوی سے روشناس کرانے کی پہلے سے کہیں بڑھ کر ضرورت ہے۔

حضور اکرم اللہ علیہ و سلم کے امتی ہونے کے ناطے ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ناصرف اپنی بلکہ آخرت بھی سنوار لیں۔ اس سلسلے میں مسلمانوں کا یہ اولیں فریضہ ہے کہ سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے بھلائی اور خدمت خلق کے کاموں میں سبقت حاصل کریں اور ہر ایسے طرز عمل سے بچیں جس سے کسی کی جان، مال ، عزت اور آبرو کو ذرہ برابر نقصان بہنچنے کا اندیشہ ہو کیونکہ سیر ت طیبہ یہی ہے۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ وطن عزیز کو حقیقی ترقی و خوشحالی کا گہوار ہ بنا دے جو ہمارا نصب العین ہے۔وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ بارہ ربیع الاول وجود کائنات کے ظہورمیں آنے کا دن ہے جبکہ عیدمیلادالنبی کادن ایثار، قربانی اور رواداری کے زریں اصول یادکرانیکاذریعہ ہے۔ عید میلادالنبی کے موقع پرمسلمانان عالم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسوہ رسول کوانفرادی اوراجتماعی سطح پراپنانے کی ضرورت ہے، جبکہ آج کے دن ہمیں انتہاپسند سوچ اور علاقائی تعصبات کوخیرباد کہنے کاعہد کرناچاہیے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاک فوج ضرب عضب اوردیگرمحاذوں پرقربانیاں پیش کررہی ہے۔ فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔