شیخوپورہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، '4 دہشت گرد ہلاک ،3سے 4فرار ہونے میں کامیاب

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے 3 کلو دھماکا خیز مواد، 2 کلاشنکوف اور 2 موٹر سائیکل برآمد کرلئے گئے

منگل 13 دسمبر 2016 11:43

شیخوپورہ /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء) پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انھیں معلومات ملیں تھی کہ مبینہ طور پر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان پاکستان کے 7 سے 8 دہشت گرد شیخوپورہ میں ایک آئل ڈپو پر موجود ہیں اور وہ حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان معلومات پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے شیخوپورہ میں مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا اور دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کو دیکھ کر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس پر اہلکاروں نے خود کے بچاؤں میں جوابی فائرنگ کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ تھما تو وہاں 4 دہشت گردوں کی لاشیں پڑی تھیں ۔ پولیس کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران 3 سے 4 دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلو دھماکا خیز مواد، 2 کلاشنکوف، 2 پسٹل، متعدد گولیاں اور 2 موٹر سائیکل برآمد کرلئے گئے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔

متعلقہ عنوان :