چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل ذاتی وجوہات پر عہدے سے مستعفی ہوگئے

اعظم سہگل نے استعفیٰ پی آئی اے بورڈ کو بھیج دیا، ترجمان پی آئی اے کی اعظم سہگل کے استعفے کی تصدیق

منگل 13 دسمبر 2016 11:38

چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل ذاتی وجوہات پر عہدے سے مستعفی ہوگئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 دسمبر2016ء)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی ای) کے چیئرمین اعظم سہگل نے استعفیٰ دے دیا۔ پی آئی اے کے چیئرمین اعظم سہگل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جو انہوں نے پی آئی اے بورڈ کو بھیج دیا ہے جب کہ ترجمان پی آئی اے نے بھی اعظم سہگل کے استعفے کی تصدیق کردی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سہگل نے طیارہ حادثہ کے بعد پی آئی اے معاملات پر استعفیٰ دیا ۔

دوسری جانب چیرمین پی آئی اے اعظم سہگل کی جانب سے دیئے گئے استعفے میں مستعفی ہونے کی ذاتی وجوہات بتائی گئی ہیں۔ استعفے کے حوالے سے چیئرمین پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکریٹری کو بھی آگاہ کردیا ۔ قوی ائیر لائن کے چیئرمین اعظم سہگل جنہیں کچھ عرصہ قبل پی آئی اے کی بہتری کے لیے ٹاسک دیا گیا تھا تاہم ذرائع کے مطابق اعظم سہگل کے استعفے کی وجہ گذشتہ چند روز سے جاری پی آئی اے کے معاملات ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اعظم سہگل نے ذاتی و جوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد ادارے کو شدید دباؤ کا سامنا تھا۔ یاد رہے کہ اعظم سہگل کو پی آئی اے کے سابق چیئرمین نصیر جعفر کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ آکسفورڈ تعلیم یافتہ اعظم سہگل ملک میں ایک صنعت کار کے طور پر معروف ہیں اور انھیں بڑی صنعتوں اور کارپوریشنز کی دیکھ بحال کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔وہ 2013 سے پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔