جشن عید میلاد النبیﷺ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ سے منایا گیا

پیر 12 دسمبر 2016 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) جشن عید میلاد النبیﷺ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ سے منایا گیا، ریلیاں و جلوس نکالے گئے، شیرنی اور کھا نا تقسیم کیا گیا ، سرکار کی آمد ، مرحبا اورمصطفیؐ جانے رحمت پہ لاکھوں سلام کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، حضور اکرم ﷺ کا یوم ِ ولادت حیدرآباد سمیت اندرونِ سندھ عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

حیدرآباد میں چار سو سے زائد جلوس نکالے گئے ‘پورا شہر مرحبا ، سرکار کی آمد ، مرحبا ، مصطفی جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام ، کے نعروں سے گونج رہی ، شہر و لطیف آباد اورقاسم آباد سے بڑے بڑے جلوس و ریلیاں نکالی گئیں۔ سرے گھاٹ مدینہ مسجد سے نکالی گئی ریلی کی قیادت جمعیت علمائے پاکستان کے سکریٹری جنرل شاہ اویس نورانی نے کی ان کے ہمراہ ابراہیم شیخ ، عارف نورانی ، پی پی کے پاشا قاضی اور دیگر بھی تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منبر رسولؐ کا استعمال اتحاد و یکجہتی اور محبتیں پھیلانے کے لیے ہونا چاہیئے یہ میلاد مصطفیؐ کا پیغام ہے‘ حیدرآباد میں ایک بڑا جلوس جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے قائد اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کی قیادت میں نکالا گیا۔ اس میں ناظم علی آرائیں ، ڈاکٹر یونس دانش اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

کوہ نور چوک پر جلسہ سے خطاب کرتے ہو ئے صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ قوم بیدار ہو کر ملک میں نظام مصطفی کے لیے جدوجہد کرے ، ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں آج بھی سرگرمِ عمل ہیں ان کا تعاقب کیا جائے کشمیر میں مسلمانوں قربانیاں دے رہے ہیں وہاں میلاد النبی ؐ کے جلوسوں پر مودی حکومت نے پابندی لگائی ہے انہوں نے کہاکہ مسلمان اتحاد کریں گے تو دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے ، سنی تحریک کا جلوس خالد حسن عطاری ، عمران سہروردی اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا لطیف آباد اور شہر میں دعوت ِ اسلامی ، انجمن شیدائیانِ رسولؐ ، انجمن غلامانِ مصطفی ، مرکزی جماعت اہل سنت ، اہلِ سنت والجماعت پاکستان ، انجمن فدائیان ِ پاکستان ، انجمن فدائیانِ رسول ؐ اور دیگر انجمنوں کی جانب سے بھی جلوس نکالے گئے ان جلوسوں میں میئر حیدرآباد طیب حسین ، ڈپٹی میئر سہیل مشہدی ، رکن قومی اسمبلی وسیم حسین ، اراکین سندھ اسمبلی راشد خلجی ، صابر قائم خانی ، زبیر خان ، دلاور قریشی ، سابق نائب ناظم تحصیل سٹی اور پی پی کے رہنما عبدالقدیر ناغڑ ، وزیر اعلیٰ سندھ کے سابق سیاسی معاون عبدالجبار خان ، سابق صوبائی وزیر نواب راشد علی اور دیگر نے بھی شرکت کی جلوسوں کے دوران عوام نے شیرنی تقسیم کی اور بڑے پیمانے پر کھا نا و لنگر بھی تقسیم کیا گیا کئی مقامات پر پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں تھیں جبکہ جلوس کے تمام راستوں میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے حیدرآباد میں رینجرز اور رضا کاروں کے علاوہ ڈھائی ہزار پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی انجام دی تمام جلوسوں و ریلیوں کا اختتام پرامن اور پرسکون طریقہ پر بعد نماز مغرب ہو گیا -

متعلقہ عنوان :