تربت میں نامعلوم افراد نیشنل پارٹی کے دفتر میں دستی بم پھینک کر فرار، بم پھٹنے سے 7کارکن زخمی ،وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت ،واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

پیر 12 دسمبر 2016 19:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) بلوچستان کے علاقے تربت میں نامعلوم افراد نے نیشنل پارٹی کے دفتر میںدستی بم پھینک دیا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ پولیس کے مطابق عدالت روڈپر واقع نیشنل پارٹی کے دفتر میں دستی بم دھماکے میں دفتر میں موجود 7 کارکن زخمی ہوئے جن میں تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ،پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شرو ع کردی ہے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے تربت میں نیشنل پارٹی پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتار ی کے احکامات جاری کئے ہیں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والے نیشنل پارٹی کے ورکرز کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے انہوں نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء گوادر کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے نیشنل پارٹی پر حملے کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن جذباتی نہ ہو صبروتحمل سے کام لے ہم بلوچ کش تنظیموں کو بتانا چاہتے ہیں کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کے حقوق کی جدوجہد کررہی ہے ااور ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں ہمیں بلوچ قوم کی حمایت حاصل ہے ۔