پاک بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے لئے رائل اومانی بحری جہازوں کی کراچی آمد

پیر 12 دسمبر 2016 17:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) رائل اومانی نیوی کے دو بحری جہاز پاکستان نیوی کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں ’’ثمر الطیب ‘‘ کے لئے پیر کو یہاں پہنچے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کراچی بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے سینئرافسران نے اومانی جہازوں الشمیخ اور البشری کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔ یہ مشترکہ بحری مشقیں جو ہاربر اورسی فیز پر مشتمل ہیں، پاکستان اور اومانی بحری افواج کے درمیان باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے۔

ہاربر فیز اس وقت جاری ہے جو دو طرفہ ملاقاتوں، جہازوں کے باہمی دوروں، مشقوں سے متعلق معاملات پر بات چیت اور ہاربر ٹریننگ سیریلز پر مشتمل ہے جن کا مقصد مشقوںکے سی فیز کی تیاری ہے۔ ان دو طرفہ مشقوں کا مقصد دونوں بحری افواج کی مشترکہ بحری آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ایک مستحکم بحری ماحول کو یقینی بنایا جاسکے جو خطے کی اقتصادی ترقی اور امن و سلامتی کے قیام کے لئے نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

ان مشقوں سے دونوں بحری افواج کے مابین آپریشنل اور ٹیکٹیکل سطح پر باہمی ربط اور مفاہمت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ مشقیں 15 دسمبر تک جاری رہیں گی۔ رائل اومانی نیوی کے ٹاسک گروپ کی آمد دونوں ممالک کے مابین دوستانہ مراسم کی ایک کڑی ہے، اس دورے سے دونوں بحری افواج کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور باہمی تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :