گلگت بلتستان میں جشن عید میلاد النبیﷺ مکمل مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، 21 توپوں کی سلامی دی گئی

پیر 12 دسمبر 2016 16:40

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) پوری مسلم دنیا کی طرح گلگت بلتستان میں بھی جشن عید میلاد النبیﷺ مکمل مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پرگلگت بلتستان میں عام تعطیل تھی جس کے باعث تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر،تعلیمی وکاروباری ادارے بند رہے ،اس مقدس دن کا آغاز صوبائی ہیڈ کوارٹرز گلگت میں 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا اورمساجد میںخصوصی دعائیںکی گئیں،جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر تمام اہم سرکاری ونجی عمارتوں، مساجد اور گھروں پر قومی پرچم لہرایا گیا اور رنگا رنگ لائیٹوں سے سجایا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی سطح پر سیرت کانفرنسز کا بھی انعقاد کیا گیا جس میںمذہبی سکالرز اور دانشوروں نے حضرت محمدﷺ کی زندگی، اقوال، تعلیمات اور فلسفے پر روشنی ڈالی ،گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں میلاد النبی کے سلسلے میںاجتماعات، ریلیاں اور جلوس بھی نکالے گئے جن میں علماء کرام نے حضور پاک ﷺ کی تعلیمات،اسوہ حسنہ ، اخلاق ،درگزر کرنے کی عادت ،بہادری، ایمانداری اورحکمت پرروشنی ڈالی ۔ اس سلسلے میں تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولﷺ کے مختلف مقابلہ جات بھی منعقد کئے گئے جن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میںانعامات تقسیم کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :