حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی مسلمانوں کوفلاح و نجات حاصل ہوسکتی ہے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

پیر 12 دسمبر 2016 14:50

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ محسن انسانیت خاتم الانبیا رحمتہ اللعالمین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے یوم ولادت کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، عید میلاد النبیﷺ کا دن ایثار، قربانی، رواداری، مواخات اور وحدت ملت اسلامیہ کے زریں اصول یاد کرانے کا ذریعہ ہے اور حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی مسلمانوں کو فلاح و نجات حاصل ہوسکتی ہے،12 ربیع الاول کا دن وجہ و جود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے، تاریخ ہمیشہ ان مقدس لمحات پر نازاں رہے گی جو اس روشن صبح کے دامن سمٹ آئے گا،انسانی دشمنی ،ظلم و بربریت اور گمراہی کی تاریخ کو ظہور قدسی کے ان مبارک لمحات نے یکسر بدل کر رکھ دیا، تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت ، علم کو وسعت، فکر کو ندرت،عمل کو طہارت، معاملات میں عفوو درگزر اور جذبات کو پاکیز گی بخش دی گئی، ماہ ربیع الاول ہمیں حضرت محمد مصطفیﷺ سے عشق و محبت کا پیغام دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بابرکت دن کی تمام محفلیں دراصل تحدیث نعمت ہیں جن کا انعقاد آپﷺ کی ذات اقدس سے تعلق کے اظہار اور آپ کے لائے ہوئے پیغام ہدایت کو عام کرنے کیلئے کیا جاتا ہے، ہمیں اس مبارک موقع پر عہد کرنا چاہئے کہ ہم انتہا پسندانہ سوچ اور علاقائی تعصبات کو خیر باد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت محمد مصطفیﷺ کے اسوہ حسنہ کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنایا جائے۔