ہزارہ ڈویژن میں جشن عید میلاد النبی بھرپور عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 12 دسمبر 2016 14:20

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) ہزارہ ڈویژن کے تمام 6 اضلاع میں جشن عید میلاد النبی بھرپور مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔ حضرت محمد ﷺ کی یوم ولادت کے موقع پرایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، حویلیاںاور تمام چھوٹے بڑے شہروں ،بازاروںاور مارکیٹوں کو رنگ برنگی لائیٹوں ، جھنڈوں اور بینرز سے سجایا گیا ۔

تمام فرقوں اور گروہوں کے لوگوں کی بڑی تعداد نبی کریم حضرت محمدﷺ سے اظہار محبت کے لئے خصوصی اجتماعات میں شرکت کی جبکہ ہزارہ کے تمام بڑے شہروں سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوںکی ریلیاں بھی نکالی گئیں اورنبی آخری الزماں حضرت محمدﷺکو زبردست خراج عقیدت پیش کی۔محفل میلاد کے اجتماعات اور ریلیوں کے شرکاء نے مقدس موقع کے حوالے سے محبت اور احترام کے اظہار کے طور پر بیج لگا رکھے تھے اور سائیکلوں، موٹر سائیکلوں اور کاروں کو سبز پرچموں سے سجایا ۔

(جاری ہے)

ریلیوں اور میلاد کے اجتماعات کے دوران علماء کرام نے آخری نبی حضرت محمدﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں ،محبت ، بھائی چارے اور امن کے سلسلے میںان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر ہزارہ کے تمام شہروں میں عید میلاد النبی کے جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :