مختلف فصلوں کو نقصان دہ کیڑوں سے بچانے کیلئے بائیو کنٹرول لیب میں دو مفید کیڑوںکی50 ہزارکارڈز کی تیاری شروع

اتوار 11 دسمبر 2016 21:40

فیصل آباد ۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) ضلع میں مختلف فصلوں کو کالا تیلا سمیت نقصان پہنچانے والے کیڑوں سے بچانے کے لئے بائیو کنٹرول لیب میں دو مفید کیڑوں کرائسوپرلااور ٹرائیکوگراما کی50 ہزارکارڈز تیار کئے جا رہے ہیں جو گندم‘کپاس‘کماد اور دیگر فصلوں پر لگا کر نقصان دہ کیڑوں کا خاتمہ کردیں گے جس سے ادویات کے سپرے کی ضرورت نہیں ہوگی -یہ بات ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمیدنے اپنے آفس میں ایک میٹنگ کے دوران بتائی جس میں ڈی او زراعت شبیر افضل وڑائچ اور محکمہ زراعت کے دیگر افسران بھی موجود تھے -ای ڈی او زراعت نے بتایا کہ کرائسو پرلا کے 30 ہزار جبکہ ٹرائیکوگراما کیڑوں کی20 ہزار کارڈز تیار کئے جا رہے ہیں جو گندم ‘کپاس‘کماد کی فصلوں کے علاوہ سبزیوں کے کاشتکاروں میں نقصان دہ کیڑوں کے خاتمے کے لئے مفت تقسیم کئے جائیٍں گے -انہوں نے بتایا کہ اس قدرتی طریقہ سے کاشتکاروں کو فائدہ پہنچے گا اور محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کو ان کے گائوں میں جاکر کارڈز فراہم کرے گا -انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب کی ہدایات پر بائیو کنٹرول لیب کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مزید سازو سامان کی خریداری کے سلسلے میں منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے -انہوں نے محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ کاشتکاروں کو نقصان دہ کیڑوں کے تدارک کے لئے اس طریقہ سے آگاہی دیں اس ضمن میں گائوں گائوں جا کر پروگرامز بھی منعقد کئے جائیں -ای ڈی او نے محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران کو مفید کیڑوں کے کارڈز مقررہ ٹائم فریم میں تیار کرنے کی تاکید کی۔

متعلقہ عنوان :