زرعی یونیورسٹی میں ایک ہزار طالبات کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ گرلز ہاسٹل کا میگا پراجیکٹ مکمل

اتوار 11 دسمبر 2016 21:40

فیصل آباد ۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے فراہم کردہ 50 کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز سے زرعی یونیورسٹی میں ایک ہزار طالبات کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ گرلز ہاسٹل کا میگا پراجیکٹ مکمل کر لیا گیا جو تمام تر ضروری سہولیات سے آراستہ ہے ۔ ڈی سی او سلمان غنی نے منصوبے کی تکمیل کا جائزہ لینے کے لئے زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔

وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے انہیں گرلز ہاسٹل کے میگا پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ ڈی سی او نے ہاسٹل کے مختلف حصے دیکھے اور اعلی تعمیراتی معیار پر بے حد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ سے زرعی یونیورسٹی کی طالبات کو رہائش کی محفوظ اور خاطر خواہ سہولیات میسر آئیں گی جوکہ زرعی یونیورسٹی اور تعلیم نسواں کی ترقی کی جانب اہم انقلابی قدم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے گرلز ہاسٹل کے میگا پراجیکٹ کو مزید خوبصورتی سے ہمکنار کرنے کے لئے ہمہ نوعیت کی لینڈ سکیپنگ کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ سیکورٹی امور کی نگرانی کیلئے جدید ترین سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور کنٹرول روم قائم کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ توقع ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف جلد فیصل آباد کے دورہ کے دوران گرلز ہاسٹل کے اس میگا پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے جس کے لئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں ۔

وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے زرعی یونیورسٹی کے ترقیاتی پہلوئوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گرلز ہاسٹل کے میگا پراجیکٹ کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اس تین منزلہ بڑے گرلز ہاسٹل میں مختلف رہائشی استعداد کے 320 کمرے‘ ہر بلاک میں ڈائنگ ہال ‘ ٹی وی لائونچ ‘ سٹڈی ہال ‘سٹنگ لائونچ ‘ نماز کے لئے ہال اور 96 باتھ رومز کے علاوہ وارڈن ‘ اسسٹنٹ وارڈن کی دفاتر اور والدین سے ملاقات کے لئے رومز شامل ہیں۔