کسی شخص کو پختونخوا کی حدود میں تلور کے شکار کی اجازت نہیں،اشتیاق ارمڑ

پنجاب کی طرز پر پختوخوا کو قطری شہزادوں کی شکار گاہ میں تبدیل نہیں کرسکتے، کسی نے پختونخوا کی حدود کے اندر غیر قانونی شکار؂ کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا

اتوار 11 دسمبر 2016 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء) پختونخوا حکومت نے اپنی حدود میں تلور کے شکار پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے جنگلات اشتیاق ارمڑ نے آج اپنے ایک بیان میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو پختونخوا کی حدود میں تلور یا کسی بھی نایاب پرندے کے شکار کی اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اگر کسی نے پختونخوا کی حدود کے اندر غیر قانونی طور پر شکار کرنے کی کوشش کی تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب کی طرز پر پختوخوا کو قطری شہزادوں کی شکار گاہ میں تبدیل نہیں کرسکتے۔کسی نے بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو نرمی روا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے صوبائی حکومت سے نایاب پرندوں کے مکمل تحفظ کی سفارش کی ہے۔صوبائی حکومت چیئرمین تحریک انصاف کے وژن کی روشنی میں قانون کی عملداری بنانے میں کوئی کوتاہی نہیں برتے گی۔