ْوزیر اعظم نواز شریف نے ملک سے باہر اربوں روپے کے بنگلے بنائے ہیں ، ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ

پیپلز پارٹی صرف ان سے پوچھ رہی ہے کہ یہ پیسا کہاں سے آیا اور کیسے باہر گیا لیکن وہ جواب دینے کو تیار نہیں ہیں، تربیتی ورکشاپ سے خطاب

اتوار 11 دسمبر 2016 20:40

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) پیپلزپارٹی کی ایم این اے ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملک سے باہر اربوں روپے کے بنگلے بنائے ہیں پیپلز پارٹی صرف ان سے پوچھ رہی ہے کہ یہ پیسا کہاں سے آیا اور کیسے باہر گیا لیکن وہ جواب دینے کو تیار نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیرپور یوتھ کونسل کی جانب سے طلباء اور طالبات کو دوروزہ تربیتی ورکشاپ کے آخری دن سچل آڈیٹوریم ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کم عمری میں سیاست کی شروعات کی اور دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہونے کا اعزاز حاصل کیا عوام کی خدمت کی اور عوام کی خاطر وطن لوٹ کر شہادت حاصل کی ملالہ یوسف زئی نے خود کو منواکر نوبل انعام حاصل کیاسوفٹ وئیر انجینئر عارفہ کریم نے دنیا میں اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کیا انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکیاں ہوں یا لڑکے وہ سخت محنت اور لگن کے ساتھ اپنے اور اپنے خاندان کا نام روشن کرسکتے ہیں پاکستان میں 70 فیصد نوجوان ہیں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے خیرپور کو تعلیم کا مرکز بنانے کی شروعات 1970 میں کی اور وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو سے ریڈیو پاکستان اور شاہ عبدالطیف یونیورسٹی حاصل کی انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ وزیر اعلیٰ رہنے والے شخص نے خیرپور میں زرعی کالج، میڈیکل کالج، ٹیکنیکل یونیورسٹی ، آئی کالج اوراسپتال اور صحت مراکز قائم کرکے عوام کی ناقابل فراموش خدمت کی انہوں نے کہاکہ ان اداروں سے ڈاکٹر انجینئر، وکیل ، ادیب دانشور اور دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے پیدا ہونگے انہوں نے کہاکہ ادارے بنانا ہمارا مقصد ہے اور کے وائی سی ایک نوجوانوں کا ادارہ ہے جس سے نوجوانوں کو آگے آکر اپنے مستقبل میں اپنا کردار بنانے میں مدد ملے گی اس موقع پر کے وائی سی کے صدر عمر شاہ جیلانی ، رمیز سومرو کی جانب سے عوامی خدمت اور ادارے بنانے پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی کو تعریفی اعزازی شیلڈ دی گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹرینر ثناء رباب ، مرتضیٰ بگھیو، جواد میرانی نے طلباء اور طالبات کو تربیت فراہم کی کے وائی سی کی جانب سے ان ٹرینرز کو شیلڈ دی گئی جبکہ رمیز سومرو اور دیگر کے وائی سی ممبران نے آنے والے تمام مہمانوں کو اجرک کے تحفے پپیش کیے اس موقع پر سکھر میوزیکل گروپ کی جانب سے دل دل پاکستان کا گیت سنایا گیا اس موقع پر ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی کی درخواست پر مشہور اسکالر جنید جمشید سمیت جہاز کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اس موقع پر غلام حسین مغل، علی شیر مکول، عبدالقدوس بروہی ، فقیر ذاکر ہسبانی ،عبدارحمن جیلانی، عبدالرزاق شیخ، محمد عرس ابڑو، مقصودہ بھٹی ، ڈی ایم لاشاری سمیت اسکول کالج یونیورسٹی کی طلباء اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :