بوئنگ اور ایران ایئر کے مابین 16 ارب ڈالر سے زائد کا معاہدہ

اتوار 11 دسمبر 2016 20:40

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء) ایران کی قومی ایئر لائن اور امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے مابین 80 مسافر طیاروں کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق قومی فضائی کمپنی ایران ایئر کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ بوئنگ کے ساتھ دس سال کا معاہدے کیا گیا ہے جس کے تحت ایران 50 بوئنگ 737 جہاز اور 30 بوئنگ 777 طیارے خریدے گا۔

سنہ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے یہ ایران اور امریکہ کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی نے بوئنگ کے علاقائی ڈائریکٹر فلیچر برکدال کے حوالے سے کہا کہ اس معاہدے کی مجموعی مالیت 16 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے اور امریکی حکومت نے بھی اس معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔اس معاہدے سے ایران کی ایوی ایشن صنعت میں جدت آئی گی جو اس وقت عمر رسیدہ کمرشل جہازوں پر گزارا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں امریکی حکومت نے طیارہ ساز کمپنی بوئنگ اور ایئر بس کو ایران سے معاہدے کرنے کی اجازت دی تھی۔ایران اور مغربی ممالک کے مابین جوہری پروگرام پر معاہدے کے بعد ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہونا شروع ہوئیں تھیں۔امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر تنقید کی تھی اور کانگریس میں موجود رپبلکن نمائندوں نے اس معاہدے کی توثیق روکنے کی کوشش کی تھی۔گذشتہ ماہ امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک قانون کی منظوری دی جس کے تحت ایران کو کمرشل طیاروں کی فروخت کو روکا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :