مصر: گرجا گھر کے قریب دھماکہ، کم از کم 25 افراد ہلاک

اتوار 11 دسمبر 2016 20:40

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء) مصر میں حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت قاہرہ میں قبطی عیسائیوں کے گرجا گھر کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں کم سے کم 25 افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمیٰ طور پر کچھ کہا نہیں جا سکتا لیکن مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بم دھماکہ ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ دھماکہ قاہرہ میں سینٹ پیٹرز چرچ کے قریب ہوا۔

واضح رہے کہ سینٹ مارکس کیتھڈرل اور سینٹ پیٹرز چرچ ایک ہی کمپلکس میں واقع ہیں۔قبطی عیسائیوں کے روحانی پیشوا تواضروس دوم بھی سینٹ مارکس کیتھڈرل سے وابستہ رہے ہیں۔تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھے جانے والے مناظر کے مطابق گرجا گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں اور چھت کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے کے قریب ہوا۔

مصر کے وزیر داخلہ نے قاہرہ کے سکیورٹی چیف کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔سینٹ مارکس کیتھیڈرل ملک میں مسیحی آبادی کا ہیڈ کوارئٹر سمجھا جاتا ہے۔اس سے قبل ہفتہ کے روز کو ایک دھماکے میں چھ پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔ پولیس کی چوکی پر ہونے والے اس حملے کا شمار گذشتہ چھ ماہ کے دوران دارالحکومت میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے مہلک ترین حملے میں ہوتا ہے۔اس حملے کی ذمہ داری مصر میں ایک نئے شدت پسند گروہ ہاسم نے قبول کی تھی۔یاد رہے کہ مصر کے قبطی مسیحی اقلیت امتیازی رویہ روا رکھنے کی شکایت کرتے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :