اسوہ حسنہؐ کی پیروی کر کے ہم نا صرف انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی دنیاوی زندگی سنوار سکتے ہیں بلکہ عاقبت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان

اتوار 11 دسمبر 2016 20:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مہینہ تمام مسلمانوں کے لیے مبارک ہے کیونکہ اس ماہ میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ اس دنیا میں رحمت العالمین بن کر تشریف لائے اور جہالت کے اندھیروں کو مٹا کر اس کائنات کو دین اسلام کی روشنی سے منور کر دیا۔ عیدمیلاد النبی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہؐ کی پیروی کر کے ہم نا صرف انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی دنیاوی زندگی سنوار سکتے ہیں بلکہ عاقبت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں باطل قوتوں اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے حضرت محمد مصطفی ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے اور ان کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، حضور ﷺ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے جنہوں نے صبر، تحمل اور برداشت کا عظیم مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ دین اسلام سچا مذہب ہے جو رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا، پیغام اسلام عام کرنے کے لیے انہوں نے بے پناہ مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا لیکن کبھی بھی کفر کے آگے ہار نہیں مانی اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہؐ پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ اپنی کھوئی ہوئی عظمت بحال کر سکتی ہے، آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق اور یکجہتی برقرار رکھ کر اپنے درمیان نفاق پیدا کرنے کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنا دیں گے اور دین مبین اسلام کی سربلندی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی آخری الزمان کے بتائے ہوئے اصولوں پر زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین)

متعلقہ عنوان :