صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ کا اچانک دورہ ،ْغیر حاضر سینئر میڈیکل آفیسر کے خلاف انکوائری اور ڈسپنسر کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت

اتوار 11 دسمبر 2016 20:00

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے اتوار کے روزڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جھنگ کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے ایمر جنسی وارڈ،میڈیکل اورسی سی یوکا معائنہ کیا اورہسپتال کے میڈیکل سٹور میں ادویات کا سٹاک چیک کیا۔ شعبہ ایمر جنسی میں سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عمران ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے جبکہ ایمر جنسی وارڈ کے ادویات کے مین سٹورکو تالا لگا ہوا تھا جبکہ ڈسپنسر ناصر بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔

صوبائی وزیر نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسپنسر کو فوری طور پر معطل کرنے اور غیر حاضرسینئر میڈیکل آفیسر کے خلاف انکوائری ہولڈ کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈی سی او جھنگ غازی امان اللہ اور ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اظہر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

شعبہ ایمرجنسی کے معائنہ کے دوران لیبارٹری بھی بند تھی جس کے بارے میں بتایا گیا کہ اتوار کی وجہ سے ڈائیگناسٹک لیبارٹری بند ہے۔

اس موقع پر مریضوں نے شکایت کی کہ وہ مارکیٹ سے اپنے ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔مزید براں سی سی یو میں پانچ کارڈیک مانیٹر ز میں سے دو خراب پائے گئے۔خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ پر اپنی انتہائی ناپسندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ ایمر جنسی کی لیبارٹری کسی بھی صورت بند نہیں ہوسکتی اورایمر جنسی مریضوں کو ہر قیمت پر ادویات ہسپتال کی طرف سے فراہم کی جائیں۔

انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے رخصت پر ہونے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اوجھنگ کوہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام معاملات کے بارے میں فوری طور پر انکوائری کی جائے اوراس بات کی بھی تصدیق کی جائے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحریری طور پر چھٹی لے کر گئے ہیں یا نہیںٖ۔خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ تمام صورتحال کے بارے میں تحقیقات کرکے چوبیس گھنٹے میں انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیرکاکہنا تھا کہ وہ تمام ڈی ایچ کیو اورٹی ایچ کیوہسپتالوں کے ہنگامی دورے کررہے ہیں اور جہاں بھی ڈسپلن کی خلاف ورزی پائی گئی اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔