Live Updates

وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی رحمةاللعالمین حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد ،ْحضور پاکؐ کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر ہی ظلم و زیادتی ، نا انصافی اور بد امنی کا خاتمہ ممکن ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا عید میلاد النبی پر پیغام

اتوار 11 دسمبر 2016 20:00

لاہور۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رحمةاللعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے اور اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خاتم الانبیاء، محسنِ انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت تاریخِ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے اور اللہ تعالی نے حضرت محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ۔

نبی پاک ؐ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کے لئے مشعل راہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نبی پاکؐ کی ولادت کا مبارک و بابرکت دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے اور بلاشبہ محسن انسانیت حضرت محمد ؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے ہیں ۔

(جاری ہے)

حضور پاکؐ کی تعلیمات پرعمل پیرا ہو کر ہی معاشرے سے ظلم و زیادتی ، نا انصافی اور بد امنی کا خاتمہ ممکن ہے اور بنی نوع انسان کی کامیابی کا راز پیغمبر اسلامؐ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پرعمل پیرا ہونے میں ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتِ اسلامیہ کو اقوام عالم میں جو منفرد حیثیت حاصل ہے، اس کی بنیاد رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے نسبت ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ ؐ نے اپنے عمدہ اخلاق کے ذریعے جہالت و ظلمت میں ڈوبے ہوئے عرب معاشرہ میں انقلاب برپا کر دیااور حق و انصاف کا پرچم بلند کرکے ایک پرامن اور مہذب معاشرے کی بنیاد رکھی اور عرب معاشرے کی کایا پلٹ دی جس کی تاریخ عالم میں کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی۔

آپ ؐ نے تمام بنی نوع انسان کو امن و آشتی ، اخوت ، احترام انسانیت، مساوات ، عفو ودرگزراور عدل وانصاف کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورپاکؐ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے اور بدامنی، لاقانونیت اور دہشت گردی کی آگ میں جلتی انسانیت کو آپ ؐ کی تعلیمات پر عمل پیر ا ہو کر ہی امن و سکون ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزمانؐ نے بہترین سماجی اور معاشی نظام دیاجسے اپنا کر ہم اپنی زندگیو ں کو بدل سکتے ہیں۔ نبی پاک ؐ کی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم علاقائی، فروعی اورلسانی اختلافات کو بھلا کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبیؐ کے بابرکت موقع پر ہمیں ملک کی تعمیر و ترقی ، استحکام ، بقا، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو آپ ؐ کی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات