محسن انسانیت ﷺ کی تعلیمات، روایات اور اصولوں کے خزانے کی پیروی کرنے سے زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

اتوار 11 دسمبر 2016 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کل پورے مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جانے والی عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر پوری دنیا اور خاص طور پرپاکستان کے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے، عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ﷺ کے یوم ولادت پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم تمام انسانیت اور کائنات کی مزید بہتری کے لیے ان کی دانشمندی، برداشت، پیار، امن اور انسانی مساوات کی تعلیمات کی مکمل سچائی سے پیروی کریں گے، انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ﷺ تمام انسانذات کے لیے تعلیمات، روایات اور اصولوں کا خزانہ چھوڑ گئے ہیں، جس کی پیروی کرنے سے زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر میں تمام مسلمانوں کو مبارکباد دیتا ہوں،اللہ تعالی سے دعاگو ہوں کہ ہمیں حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات پر چلنے کے لیے اپنی رہبری اور حکمت کی نعمت سے نوازے اور ہمارے روح کومحسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ﷺ کی پورے کائنات کو روشن کرنے والی روشنی سے دوبارہ منور کردے۔