پاکستان اوربحرین کا معیشت اورتجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق

آئندہ ماہ دونوں ممالک کے وزارتی کمیشن کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا ،ْ مشیر خارجہ سرتاج عزیز پائیدار اقتصادی ترقی اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری نمایاں کردار ادا کرے گی ،ْگفتگو

اتوار 11 دسمبر 2016 19:50

ماناما (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2016ء) پاکستان اوربحرین نے معیشت اورتجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے اور اس حوالے سے آئندہ ماہ دونوں ممالک کے وزارتی کمیشن کا مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیز اوربحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ نے ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائیگا بحرین میں بارہویں ریجنل سیکیورٹی سمٹ کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد نے کہا کہ وہ آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس موقع پر وزارتی کمیشن کا مشترکہ اجلاس بھی ہوگا۔

اجلاس کے دوران سرتاج عزیز نے بحرین کے وزیر خارجہ کو دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے پاکستانی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جن کی وجہ سے سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری نمایاں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بحرین اور دیگرخلیجی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے استفادہ کریں ۔

ملاقات کے دوران بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اورکہا کہ اس سے دنیا میں دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کو خوش آئند قراردیا اور کہا کہ یہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری کا نتیجہ ہے ۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد نے مشرق وسطیٰ بالخصوص یمن اور شام کی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیا ۔

متعلقہ عنوان :