میڈیکل پروفیشن کے تقدس اور اساتذہ کے احترام کو پامال کرنے کی کوشش کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی،مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا،ینگ ڈاکٹرز کی اکثریت انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے

صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کا اجلاس سے خطاب

اتوار 11 دسمبر 2016 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ میڈیکل پروفیشن کے تقدس اور اساتذہ کے احترام کو پامال کرنے کی کوشش کرنے اور مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی اکثریت دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے لیکن محض چند ڈاکٹرز سسٹم کو اپنی مرضی کے مطابق چلانا چاہتے ہیں جو ناممکن ہے۔

اتوار کے روز سول سیکرٹریٹ میں تمام میڈیکل کالجز کے پرنسپلز،سپیشلائزڈ انسٹیٹیوشنز اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیکل کے شعبہ کی بہتری اور اعلی معیار کے ڈاکٹرز تیار کرنے کے لئے پنجاب ریزیڈنسی پروگرام برائے پوسٹ گریجوایٹ متعارف کرایاگیا ہے تاکہ سفارش کلچر کا خاتمہ ہو اور ہونہار ڈاکٹرزکو بغیر کسی سفارش خالصتا میرٹ پر شفاف طریقہ سے سپیشلائزیشن کرنے کا موقع ملے لیکن یہ بات حیران کن ہے کہ بعض عناصر میرٹ اور ٹرانسپرنسی پر مبنی سسٹم کی مخالفت کرتے ہوئے طب کے مقدس پیشہ کو بدنام کرنے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ میں بھی رکاوٹ پیدا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے تمام پرنسپلز اور ایم ایس حضرات کو ہدایت کی کہ گڑ بڑ کرنے،مریضوں کے علاج معالجہ میں رکاوٹ ڈالنے اور سینئر ڈاکٹرز و اساتذہ کے ساتھ بدتمیزی کرنے یا انہیں دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کالج کی ڈسپلنری کمیٹی کے ذریعے ایکشن لیا جائے اور خرابی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی فلاح وبہبود اور انہیں بہتر مراعات،پے پیکج دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔

ہزاروں نئی آسامیاں پیدا کرنے کے علاوہ ساڑھے تین ارب روپے کا پیکج حال ہی میں متعارف کرایا گیا۔سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٖPGڈاکٹرز کو ٖPaidکیا گیا جس کے لئی80 کروڑ روپے کے فنڈز وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فراہم کئے گئے۔سیکرٹری ہیلتھ نے پرنسپل حضرات کہ ہدایت کی کہ منگل کے روز تمام ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور ز کو آپریشنل رکھنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں اور سینئر ڈاکٹرز بھی آئوٹ ڈورز میں آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم اورتمام صورتحال سے محکمہ کو باخبر رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :