پی ٹی آئی حکومت عملاً ناکام ہو چکی ہے ‘ عبدالجلیل جان

اتوار 11 دسمبر 2016 19:00

صوابی۔11دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء)جے یو آئی صوبہ خیبر پختونخوا کے تر جمان الحاج عبدالجلیل جان ، صوبائی نائب اور ضلعی امیر صوابی مولانا عطاء الحق درویش نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمعیت علماء اسلام واحد سیاسی جماعت ہے جس کا ماضی بے داغ جب کہ مستقبل روشن ہے ۔ آنے والا دور ایک بار پھر جے یو آئی کا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم جمعیت تاسیس صد سالہ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

جس میں صوبائی جوائنٹ سیکرٹری مولانا عزیز احمد اشرفی ، مولانا اسحاق زاہدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال اپریل میں جے یو آئی کے زیر اہتمام صد سالہ جمعیت یوم تاسیس کانفرنس ہو گی جس میں اسلامی ممالک کے علاوہ پاکستان کی مذہبی رہنماء بھی خصوصی طور پر شرکت کرینگے۔

(جاری ہے)

صد سالہ یوم تاسیس جمعیت پر دُنیا کی نظر ہے اور یہ تاریخ ساز کانفرنس ہو گی انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن بدھ آٹھائیس دسمبر کی دو پہر دو بجے صوابی گرائونڈ میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب کرینگے انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت عملاً طور پر ناکام ہو چکی ہے این جی اوزصوبے کی حکومت چلا رہی ہے انہوں نے کہا کہ کارکن صد سالہ کانفرنس کے لئے بھر پور تیاریوں کاآغاز کریں اور اس حوالے سے عوام کے ساتھ گھر گھر رابطہ رکھیں انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پختونخوا سمیت پورا ملک مستفید ہوگا جب کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے جمعیت کا موقف واضح ہے اس حوالے سے فاٹا کے عوام سے مشاورت کرنے کے علاوہ ان کی رائے سے فیصلہ کیا جائے ۔